کوئٹہ ایف سی حملہ، خودکش بمبار افغان دہشت گرد نکلا
شیئر کریں
ناقابلِ تردید ثبوت ہے کہ پاکستان میں کارروائیوں میں افغان دہشتگرد عناصر سرگرم ہیں
پاکستان کو نشانہ بنانے میں افغان دہشتگرد گروہ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں،سیکیورٹی ذرائع
سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ 30 ستمبر کو فرنٹیٔر کور ہیڈکوارٹر نارتھ کوئٹہ پر ہونے والے خودکش حملے کا بمبار افغان دہشتگرد تھا۔ ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے اس حملہ آور کی شناخت محمد سہیل عرف خباب کے طور پر ہوئی، جو افغانستان کے صوبہ وردک کے ضلع میدان کا رہائشی تھا۔اس خودکش حملے میں آٹھ شہری شہید اور چالیس زخمی ہوئے تھے۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق یہ حملہ اس بات کا ایک اور ناقابلِ تردید ثبوت ہے کہ پاکستان میں ہونے والی کارروائیوں میں افغان دہشتگرد عناصر سرگرم ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے نیٹ ورکس اور افغان سرزمین سے جاری معاونت خطے کے لیے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے، جبکہ افغان طالبان کی عہد شکنی اور دہشتگرد گروہوں کی پشت پناہی پر مسلسل تشویش بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کو نشانہ بنانے میں افغان دہشتگرد گروہ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔


