
پورٹ قاسم انتظامیہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان بنانے میں ناکام
شیئر کریں
اتھارٹی وفاقی حکومت کی ہدایات پر پورٹ کی ترقی و منصوبہ بندی کے لئے کام کرنے کی پابند
اتھارٹی نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان تیار نہیں کیا، کول ٹرمینل کی ماحولیاتی جائزہ رپورٹ میں انکشاف
پورٹ قاسم اتھارٹی کی انتظامیہ کسی بھی امکانی حادثے یا آفت کی صورت میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان بنانے میں ناکام ہو گئی۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق پورٹ قاسم اتھارٹی کے ایکٹ 1973 کے باب دوئم کے سیکشن 5 میں تحریر ہے کہ اتھارٹی وفاقی حکومت کی ہدایات پر پورٹ کی ترقی اور منصوبہ بندی کے لئے کام کرے گی۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کے ایل این جی اور کول ٹرمینل کی خصوصی ماحولیاتی جائزہ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ اتھارٹی نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان تیار نہیں کیا، اس سلسلے میں اعلیٰ حکام نے انتظامیہ سے سوال کیا کہ ڈزاسٹر مینجمنٹ پلان کے لئے کیا اقدامات کئے ہیں؟ پورٹ پر ایل این جی کے 2 اور کوئلے کے 3 ٹرمینل موجود ہیں، کیمیکل اور کروڈ آئل بھی درآمد، برآمد کیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود انتظامیہ نے ڈزاسٹر مینجمنٹ پلان تیار نہیں کیا، اس طرح اتھارٹی نے پورٹ قاسم اتھارٹی ایکٹ کی خلاف ورزی کی۔ اعلیٰ حکام نے پورٹ قاسم اتھارٹی کو اپریل 2020 میں آگاہ کیا لیکن انتظامیہ نے کوئی جواب نہیں دیا، جس پر اعلیٰ حکام نے سفارش کی کہ ڈی اے سی کا اجلاس طلب کیا جائے لیکن ڈی اے سی کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا، اعلیٰ حکام نے سفارش کی کہ پورٹ قاسم اتھارٹی کی انتظامیہ ڈزاسٹر مینجمنٹ پلان تیار کرے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں پورٹ کو بچایا جائے ۔