میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن،اسکول فنڈ کے348 کروڑکا فراڈ

سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن،اسکول فنڈ کے348 کروڑکا فراڈ

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۸ اگست ۲۰۲۴

شیئر کریں

 

(رپورٹ: مسرور کھوڑو) سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن انتظامیہ نے مختلف محکموں کے سرکاری ملازمین، ٹھیکیداروں، جعلی شناخت رکھنے والے ملازمین سمیت غیرمتعلقہ افراد کو اسکول سبسڈی کے 3 ارب 48 کروڑ 19 لاکھ 90 ہزار روپے کی مشکوک ادائگیاں کردیں، تعلیم میں مہارت نہ رکھنے والے غیر متعلقہ افراد کو ذاتی اکاؤنٹس میں بھاری رقم ادا کی گئی، چھان بین پر مامور ادارے نے معاملے کی تحقیقات اور ادائگیوں میں ملوث ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی سفارش کردی۔روزنامہ جر?ت کو موصول دستاویز کے مطابق سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن انتظامیہ نے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وفاقی اور سندھ حکومت کے مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کو خطیر رقم ادا کردی، جبکہ سرکاری ملازمین مجاز اتھارٹی کے منظوری کے بغیر کاروبار نہیں کر سکتے،رقم وصول کرنے والے ٹھیکیدار میں ڈرائی کلینر، کمیشن ایجنٹس، جنرل آرڈر سپلائرز کے طور پر رجسٹرڈ تھے، سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں جعلی شناخت رکھنے والے سرکاری ملازمین کو 2 کروڑ 54 لاکھ 13ہزار روپے، ٹھیکیداروں کو 16 کروڑ 24 لاکھ 34 ہزار روپے، فاؤنڈیشن میں کام کرنے والے ملازمین اور سابقہ ملازمین کو ایک کروڑ 22 لاکھ 31 ہزار روپے، وفاقی اور سندھ حکومت کے محکموں میں کام کرنے والے ملازمین کو 3 ارب 28 کروڑ 19لاکھ 10 ہزار روپے کی ادائگیاں کی گئیں، ریکارڈ کی تفتیش کنندہ مذکورہ ادارے کے مطابق غیر متعلقہ افراد کو ذاتی اکاؤنٹس میں ادا کی گئی بھاری رقم غیرقانونی اور مشکوک ہے، جس کے باعث فنڈز میں ممکنہ غبن کو مسترد نہیں کیا جا سکتا، گذشتہ سال اپریل سے مئی کے دوران انتظامیہ کو معاملے کے متعلق اطلاع دی گئی اور تحریری درخواستوں کے باوجود کوئی جواب جمع نہیں کروایا گیا، حکام نے سفارش کی ہے کہ مشکوک ادائگیوں کی مکمل تحقیقات اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں