ایران جانے والے زائرین کیلئے ٹور آپریٹرز کی بے ضابطگیاں
ویب ڈیسک
پیر, ۲۶ اگست ۲۰۲۴
شیئر کریں
ایران جانے والے زائرین کے لیے ٹور آپریٹرز کی سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگزیب بادینی نے ٹور آپریٹرز کی بے ضابطگیوں پر ایکشن لیتے ہوئے بوگس بسوں اور ڈرائیورز کی گوادر میں انٹری پر پابندی لگا دی۔ڈپٹی کمشنر گوادر نے کہا ہے کہ ایران نے پاکستانی زائرین کی بڑی تعداد کو زیارت کے لیے اجازت نامے جاری کیے تھے لیکن ملکی ٹور آپریٹرز نے نظم و ضبط کا خیال نہیں رکھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹور آپریٹرز نے گاڑیوں کے نمبرز اور ڈرائیوروں کے نام غلط فراہم کیے تھے ، ان بے ضابطگیوں کی وجہ سے زائرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔خیال رہے کہ ایران میں زائرین کی بس کو چند روز قبل حادثہ پیش آیا تھا، حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 51 افراد سوار تھے ، 28 زائرین جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے تھے ، زائرین میں سے زیادہ تر کا تعلق لاڑکانہ سے ہے ۔