واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے سرکاری افسران کا ڈیٹا چوری
شیئر کریں
جعلی واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے سرکاری افسران کا ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد سائبر سیکیورٹی نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے افسران کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے جعلی واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے سرکاری افسران کا ڈیٹا چوری کرنے سے متعلق سائبر سیکورٹی ایڈوائزری جاری کردی ہے ۔ایڈوائزری میں کہا گیا کہ جعلی واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے سرکاری اداروں اور افسران کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے اور جعلی وٹس ایپ پیغامات ایس آئی ایف سی کے نام سے بھیجے جارہے ہیں۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ جعلی ایس آئی ایف سی دعوت نامے میں دھوکا دہی پر مبنی لنکس بھیجے جاتے ہیں اور لنکس پر کلک کرنے سے افسران کا حساس ڈیٹا چوری ہوسکتا ہے ۔ایڈوائزری میں سرکاری افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایس آئی ایف سی کے نام سے موصول ہونے والے پیغامات کی پہلے تصدیق کریں اور جعلی واٹس ایپ مہم سے محتاط رہنے اور کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی کے نتیجے میں فوری کارروائی کریں۔ایڈوائزری میں جعلی واٹس ایپ میسیج کے نمبر بھی دیے گئے ہیں، جہاں ان جعلی پیغامات میں ایس آئی ایف سی دعوت نامے کے ساتھ دھوکا دہی پر مبنی لنکس بھیجے جاتے ہیں اور لنکس پر کلک کرنے سے افسران کا حساس ڈیٹا چوری ہو سکتا ہے ۔ ایڈوائزری میں سفارش کی گئی کہ سرکاری اداروں کے آفیشلز میسج کی صداقت اور تصدیق کے لیے ای امیل اور آفیشلز نمبر کا استعمال کریں اور محفوظ فائل ہینڈلنگ کے لیے طریقہ کار پر عملدرآمد کرایا جائے ۔ایڈوائزری میں کہا گیا کہ اسٹاف کو سائبر سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے ٹریننگ اور تعلیم دی جائے اور سرکاری ادارے ، وزارتیں، ڈویژنز اور ذیلی ادارے سائبر خطرات سے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔