محکمہ اطلاعات کا دبنگ قدم، 6ماہ سے شائع نہ ہونیوالے 181اخبارات میڈیا لسٹ سے خارج
شیئر کریں
محکمہ اطلاعات حکومت سندھ نے 6 ماہ سے شائع نہ ہونے والی 181 اخبارات و جرائد کو سندھ میڈیا لسٹ سے ہٹا دیا۔سیکریٹری اطلاعات حکومت سندھ ندیم الرحمان میمن کی منظوری کے بعد ڈائریکٹر اشتہارات محمد یوسف کابورو نے مذکورہ اخبارات کو سندھ میڈیا لسٹ سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔یوسف کابوروکے مطابق ڈی لسٹ ہونے والے اخبارات و جرائد میں اردو، انگریزی اور سندھی زبان کے اخبارات و جرائد شامل ہیں۔ڈائریکٹر پریس کی ریگولیٹری رپورٹ پر مذکورہ اخبارات و جرائد کو سندھ میڈیا لسٹ سے ہٹادیا گیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اخبارات کو ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں قائم محکمہ اطلاعات کی کمیٹی کی سفارشات اور ریگولیٹری رپورٹ کی بنیاد پر سندھ میڈیا لسٹ میں شامل کرنے یا ہٹانے کا فیصلہ ہر تین ماہ بعد کیا جائے گا۔ محکمہ اطلاعات کے مطابق جن اخبارات و جرائد کی باقاعدہ اشاعت نہیں ہوگی ان کو سندھ میڈیا لسٹ سے ہٹایا جائے گا۔سندھ میڈیا لسٹ سے ہٹائے جانے والے اخبارات کی فہرست محکمہ اطلاعات کی ویب سائٹ پر جاری کردی جائے گی۔