اسرائیل کی سفاکیت، نہتے فلسطینیوں کو ٹینکوں سے کچلنے لگا
شیئر کریں
اسرائیل کی اتحادی یورپی تنظیم نے صہیونی فوج کی درندگی اور سفاکیت کا پردہ فاش کردیا۔ یورو میڈ ہیومن رائٹس مانیٹر کے مطابق اسرائیل اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کا غصہ نہتے فلسطینی شہریوں کو سخت تشدد کا نشانہ بناکر اور مختلف انداز میں اذیت پہنچا کر شہید کررہا ہے۔انسانی حقوق کی تنظیم نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے جان بوجھ کر غزہ میں درجنوں فلسطینیوں کو کچل کر شہید کیا۔ جنیوا میں قائم یورو میڈ ہیومن رائٹس مانیٹر نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی نوجوان کو 29فروری میں الزیتون محلے میں ہاتھ پائوں باندھ کر مرکاوا ٹینک کے نیچے پھیننک دیا۔ اسی طرح 23 جنوری کو بھی خان یونس میں ایک سوئے ہوئے خاندان پر ٹینک چڑھایا گیا۔ جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی اور اس کی بڑی بیٹی شہید ہوگئی۔ جبکہ حالیہ واقعہ تین مارچ کو پیش آیا۔ جب ایک اور نوجوان پر ٹینک چڑھا دیا گیا۔ایسے ہی ایک واقعے کی تصدیق 13سالہ آمنہ نے بھی کی۔ اس نے بتایا کہ اس کی آنکھوں کے سامنے والد اور بڑی بہن کو بے دردی سے بلڈورز سے کچلا گیا۔ حملے کے نتیجے میں آمنہ اپنی بینائی کھو بیٹھی۔ اسی طرح کمال عدوان اسپتال کے صحن میں بھی بے گھر فلسطینیوں کو ان کے خیموں میں بلڈوزر اور ٹینکوں سے کچلا گیا۔رائٹس گروپ کے چیئرمین رامی عبدو نے بتایا کہ سینکڑوں فلسطینی اسرائیلی ٹینکوں کی زد میں آ چکے ہیں۔ ایسے واقعات زیادہ تر شمالی غزہ میں ہوئے۔ جن میں، بیت اللحیہ، بیت حنون اور الزیتون شامل ہیں۔ دوسری جانب غزہ میں جاری جنگ کے 151 روز اسرائیل نے سفاکیت کی انتہا کرتے ہوئے مزید 97 افراد شہید اور 123 زخمی کر دیئے۔یوں سات اکتوبر 2023 سے اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد 30 ہزار 631 ہوچکی ہے۔ جبکہ 72 ہزار 43 زخمی اور لاپتہ ہیں۔ غزہ جنگ میں شہید بچوں کی تعداد 13 ہزار 430 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ خواتین شہدا کی تعداد 8 ہزار 900 بتائی گئی ہے۔ قابض اسرائیلی طیاروں کی شمالی غزہ کی پٹی کے جبالیہ کیمپ میں الحوجہ اسٹریٹ پر رہائشی چوک پر بمباری کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔جنگی طیاروں نے بیت اللحیہ کے شمال میں ایک مکان کو بھی نشانہ بنایا۔ جس سے متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔ قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ آٹا لینے کیلئے صلاح الدین اسٹریٹ پہنچے۔ ادھر حماس کے مجاہدین پوری قوت کے ساتھ غزہ میں موجود اسرائیلی فوجیوں کو تاک تاک کے نشانہ بنارہے ہیں۔گزشتہ روز بھی مجاہدین نے اسرائیلی فوج کیخلاف جدید جنگی حربے اور طریقے استعمال کرتے ہوئے ایک درجن کے قریب صہیونی فوجیوں کو ہلاک و زخمی کیا۔ حماس کی میڈیا ریلیز کے مطابق مجاہدین اپنی باری کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز دس مجاہدین نے بیت اللحیہ اور الزیتوں کے علاقے میں بڑا آپریشن کرکے صہیونی فورسز کو بھاری نقصان پہنچایا۔