حوالہ ہنڈی ، اسمگل شدہ موبائل کا نیٹ ورک پکڑا گیا
شیئر کریں
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے حوالہ ہنڈی اور اسمگل شدہ موبائل کی خریدوفروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارررائی کرکے ملزم کو گرفتارکرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ حوالہ ہنڈی اور اسمگل شدہ آئی فون و اسیسریز کی سپلائی اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل کراچی جاوید بلوچ کی زیر نگرانی اسٹار سٹی مال صدر میں واقع آفس میں چھاپہ مارا گیا، حوالہ ہنڈی اور اسمگلنگ کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم سے لاکھوں روپے مالیت کی کرنسی اور اسمگل شدہ آئی فون اور اسسیسریز برآمد ہوئیں۔ملزم عمیر جعفر کو صدر میں واقع اسٹار سٹی مال سے گرفتار کیا گیا، ملزم سے ٹیلی گرافک ٹرانسفر سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد کرلیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم برآمد ہونے والی کرنسی اور مشکوک سامان کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا، ملزم دبئی میں موجود اپنے ساتھیوں کے ذریعے نیٹ ورک چلارہا تھا۔ملزم کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل کراچی میں مقدمہ کرلیا گیا اور ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔