بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ اور 190 ملین پاونڈ اسکینڈل میں ضمانتیں منظور
شیئر کریں
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ اور 190 ملین پاونڈ سکینڈل میں ضمانتیں منظور کر لی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اپنے وکیل کے ہمراہ توشہ خانہ اور 190 ملین پاونڈ اسکینڈل میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئیں۔ دوران سماعت وکیل لطیف کھوسہ نے ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس سے استفسار کیا کہ کافی عرصہ ہوگیا آپ کو دیکھا نہیں جس پر جج نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب نارکوٹکس کی عدالت کا چارج مل گیا ہے۔ وکیل نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ جس دن احتساب عدالت نے درخواست ضمانت نپٹائی اسی دن نیب نے نیا نوٹس بھیج دیا، ڈیوٹی جج نے پوچھا بشریٰ بی بی کہاں ہیں؟ ڈیوٹی جج راجہ جوادعباس نے بعدازاں بشریٰ بی بی کو روسٹرم پر بلا لیا جس پر سابق خاتون اول روسٹرم پر آگئیں۔ اس سے قبل جوڈیشل کمپلیکس کی کسی عدالت میں بشریٰ بی بی روسٹرم پر نہیں آئیں۔ بعدازاں احتساب عدالت اسلام آباد نے بشریٰ بی بی کی 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض توشہ خانہ اور 190 ملین پاونڈ اسکینڈل میں 31 اکتوبر تک ضمانتیں منظور کر لیں۔