بلڈنگ کنٹرول، ڈائریکٹر ڈیمالیشن ریکارڈ سمیت اینٹی کرپشن طلب
شیئر کریں
کراچی ( رپورٹ: نجم انوار) اغوا برائے تاوان کے ماہر اینٹی کرپشن کے افسر کو پابندی کے باوجود ترقی دے کر تعینات کر دیا گیا۔ نجی بیٹر عرفان حرکت میں آ گیا۔ محمد فاروق بگٹی نے تعیناتی کے بعد اپنی نا اہلی خود ہی ثابت کر دی ۔ باخبر ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی کرپشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد فاروق بگٹی نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر ڈیمالیشن کو خط لکھ کر آج یعنی2 ؍اکتوبر کو ریکارڈ سمیت طلب کیا ہے۔ جبکہ الزام تبدیلی ٔ استعمالِ اراضی اور غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ دینا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے مذکورہ خط کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر ڈیمالیشن کا تبدیلی استعمال اراضی سے کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نا ہی وہ اپنی مرضی سے کسی بھی غیر قانونی تعمیرات کو روک سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جیسے اہم ادارے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کی نااہلی کا پتہ اس بات سے چلتا ہے کہ اسے یہ علم ہی نہیں کہ کس جرم کا کون مجرم ہے تو تفتیش کیا ہوگی ؟جبکہ فاروق بگٹی اس سے قبل تین سال تک اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایسٹ زون میں کام کرچکے ہیں جہاں انہوں نے اپنا نجی بیٹر عرفان نامی شخص کو رکھا ہوا تھا جس نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے گرفتار انسپکٹر ضیاء عرف کالا سے فاروق بگٹی اور اپنی فیملی کے لیے بیرون ملک سفر کے ٹکٹ بنوائے۔ ذرائع نے بتایا فاروق بگٹی کا ایسٹ زون سے سندھ گورنمنٹ میں تبادلہ ہوا جس کے بعد اسے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ویسٹ زون بھیجا گیا تو انہوں نے اغوا برائے تاوان کا سلسلہ اس طرح سے شروع کیا کہ جس کسی کے خلاف شکایت آتی اسے بیان لینے کے بہانے دفتر بلا کر بٹھا لیتے اور کہہ دیتے کہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اپنے گھر والوں کو بتا دو اور پھر گھر والوں سے "ڈیل” کر کے بندے کو چھوڑ دیا جاتا۔ ڈیل کی رقم کا لین دین نجی بیٹر کرتا تھا ۔ذرائع کے مطابق ویسٹ زون میں تعیناتی کے دوران فاروق بگٹی نے ایک پولیس افسر سے ذاتی رنجش کے باعث اس کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر تک درج کی ۔جس پر ان کی شکایت وزیر اعلیٰ ہاؤس تک پہنچائی گئی تو وزیر اعلیٰ کے حکم پر فاروق بگٹی کو معطل کر کے ان کی تعیناتی پر پابندی لگا دی گئی ۔اس کے باوجود انہیں ایڈیشنل ڈائریکٹر کے عہدے پر نواز دیا گیا ہے۔ اور انہوں نے ایک بار پھر سے ذاتی مالی مفادات کے حصول کی خاطر مختلف سرکاری افسران کو نوٹس بھیج کر بلانے اور ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔اس حوالے سے جرأت کو ذرائع نے بتایا کہ فاروق بگٹی کی ان سرگرمیوں کی باریک بینی سے خفیہ تفتیش جاری ہے اور اس حوالے سے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 2 افسران اپنا بیان بھی ریکارڈ کرا چکے ہیں ۔