کراچی سے لاپتا افراد کاسراغ لگا کر رپورٹ پیش کر نے کا حکم
شیئر کریں
سندھ ہائی کورٹ نے 20سے زائد لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر 22ستمبر کو پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ چاروں صوبوں میں کراچی سے لاپتا افراد کا سراغ لگا کر رپورٹ پیش کریں۔سندھ ہائیکورٹ میں 20سے زائد لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت پولیس اور لاپتا افراد سراغ لگانے سے متعلق تشکیل دی گئی جے آئی ٹیز حکام پر برہم ہوگئی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ 26 ، 26 جے آئی ٹیز اجلاس کے باوجود لاپتا افراد کا سراغ نہیں لگایا جاسکا؟ ہمیں کارکردگی سے بتائیں لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے کیا اقدامات کیئے گئے؟ تفتیشی افسر، فوکل پرسن محکمہ اور سرکاری وکیل خاموش رہے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس میں کہا کہ اس طرح کام نہیں چلے گا۔ عدالت نے جے آئی ٹی سربراہ کو طلب کرلیا۔ عدالت نے وفاقی سیکریٹری خارجہ اور دیگر کو بھی تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ چاروں صوبوں میں کراچی سے لاپتا افراد کا سراغ لگا کر رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے آئی جی سندھ کو بھی سنجیدگی سے معاملے پر توجہ دینے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے 22ستمبر کو پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔