پیپلز پارٹی حکومتی جبرکے باوجود اکثر یت حاصل نہیں کر سکی، حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی اپنے تمام تر ہتھکنڈوں ، حکومتی جبر و تشدد ، بدترین دھاندلی اور الیکشن پر قبضے کے باوجود اکثر یت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے ،پیپلز پارٹی کی فسطائیت کا انتقام جمہوریت سے لیں گے ، خریدو فروخت جو بھی کرے گا وہ اپنے منہ پر کالک ملے گا۔ پیپلز پارٹی کراچی میں اپنامیئر لانے کے لیے انسانوں کی منڈی لگانے ، لوگوں کو خریدو فروخت کرنے سے باز رہے ، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے درمیان بات چیت میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے ، کراچی کا میئر ہمارا ہی ہو گا ، بلاول بھٹو جمہوریت کے نام پر فاشزم مسلط کرنے ، ریاستی جبر و تشدد اور الیکشن پر قبضہ کر کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے اور مردم شماری میں کراچی کی آدھی آبادی کو ایک بار پھر قتل کرنے کا جشن منا رہے ہیں، اہل کراچی پیپلز پارٹی کی کراچی دشمنی سے آگاہ ہیں اور اس سے نفرت کرتے ہیں 15جنوری اور 7مئی کو اس فاشٹ پارٹی کو مسترد کر چکے ہیں ، اہل کراچی جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں اور کراچی کو وڈیروں و جاگیرداروں کی اوطاق ہر گز نہیں بننے دیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ادارہ نور حق میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔