طاقت کا محور پاکستان کے عوام ہیں، آرمی چیف
شیئر کریں
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آئین بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ سینٹر آف گریویٹی پاکستان کے عوام ہیں،آئین کہتا ہے کہ اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال ہوگا،حاکمیت اعلیٰ اللہ تعالی کی ہے ، اللہ تعالیٰ کے اس حکم سے ہی آئین کو اختیار ملا ہے ،آئین پاکستان اور پارلیمنٹ عوام کی رائے کا مظہر ہیں جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے فوج، رینجرز، پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں 80 ہزار سے زائد قربانیاں دی ہیں،ہمارے شہدا کی عظیم قربانیوں سے امن بحال ہوا تھا، یہ محنت چار سال میں ضائع کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کو قومی اسمبلی کا ان کیمرہ اجلاس ا سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا جس میں عسکری و سیاسی قیادت شریک ہوئی۔ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی آمد پر اراکین اسمبلی اور وفاقی وزرا نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا جبکہ عسکری حکام کی جانب سے شرکاء کو ملکی سکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے فوج، رینجرز، پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں 80 ہزار سے زائد قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ہمارے شہدا کی عظیم قربانیوں سے امن بحال ہوا تھا، یہ محنت چار سال میں ضائع کر دی گئی ۔ وزیراعظم نے سوالات کئے کہ ملک میں دہشت گردی واپس کیوں آئی، کون لایا ؟ ،تمام صوبوں نے دہشت گردی کے خاتمے اور فاٹا اصلاحات کے تحت مقاصد کے لئے رقوم دی تھیں، وہ کہاں گئیں؟ وزیر اعظم نے سوال کیاکہ خیبرپختونخوا کو دیئے جانے والے اربوں روپے کے وسائل کہاں استعمال ہوئے ؟ ان کا جواب لینا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے 1973 کے آئین کے نفاذ کے 50 سال مکمل ہونے پر پارلیمنٹ اور ارکان کو مبارک دی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاکہ سینٹر آف گریویٹی پاکستان کے عوام ہیں، آئین پاکستان اور پارلیمنٹ عوام کی رائے کا مظہر ہیں۔ آرمی چیف نے کہاکہ عوام اپنی رائے آئین اور پارلیمنٹ کے ذریعے استعمال کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے کہاکہ حاکمیت اعلی اللہ تعالی کی ہے ، اللہ تعالیٰ کے اس حکم سے ہی آئین کو اختیار ملا ہے ۔آرمی چیف نے کہاکہ آئین کہتا ہے کہ اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال ہوگا۔آرمی چیف نے 1973 کا آئین بنانے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔