حکومتی اتحاد کا انتخابات کیس میں فریق بننے کا فیصلہ
شیئر کریں
حکومتی اتحاد نے انتخابات کیس میں فریق بننے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی اور جے یو آئی آج فریق بننے کی درخواست دائر کریں گی۔ حکومتی اتحاد کی تینوں بڑی سیاسی جماعتیں الیکشن کیس کے حوالے سے اپنا مؤقف عدالت میں پیش کریں گی۔دریں اثنا وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی فیصلے کا پابند نہیں ہوتا۔ سپریم کورٹ پہنچنے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسی دن بتا دیا تھا کہ فیصلہ چار تین کا ہے۔ الیکشن کمیشن آرٹیکل 218(3) کے تحت اپنی ڈیوٹی کر رہا تھا۔ الیکشن کمیشن کسی فیصلے کا پابند نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو قانونی مشورہ دینا میرا کام نہیں۔علاوہ ازیں نئے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے ، جس کے بعد وہ بھی سپریم کورٹ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابات سے متعلق کیس میں عدالت میں پیش ہوں گے۔