میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ارشد پپو قتل کیس میں نامزد برطرف انسپکٹر سمیت 2 افراد قتل

ارشد پپو قتل کیس میں نامزد برطرف انسپکٹر سمیت 2 افراد قتل

جرات ڈیسک
جمعه, ۳۱ دسمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

کراچی کے علاقے سولجر بازار میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے لیاری گینگ وار کے سربراہ ارشد پپوقتل کے کیس میں نامزد برطرف پولیس انسپکٹر سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی اور ایس ایس پی انویسٹیگیشن الطاف حسین جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق واقعہ سولجر بازار نمبر 2 میں پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ لیاری کے رہائشی جاوید بلوچ اور محمد مصدق سینٹرل جیل کراچی میں واقع انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نمبر 10 میں پیشی کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ ان کے تعاقب میں آنے والے 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق واردات میں نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری متاثرہ جگہ پہنچی اور شواہد اکھٹے کئے، پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 13 خول ملے ہیں۔واقعے سے متعلق عینی شاہدین نے بتایاکہ جاں بحق افراد بھی موٹر سائیکل پر سوار تھے، چار نامعلوم ملزمان آئے اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی، ملزمان نے فائرنگ سے قبل ان سے کوئی چھینا جھپٹی نہیں کی۔پولیس حکام نے بتایاکہ واقعہ ابتدائی طور پر ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے، قتل کی دیگر پہلو سے بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں افراد کو رنجش کی وجہ سے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا کے مطابق مقتول جاوید بلوچ پولیس کا برطرف انسپکٹر تھا جیسے ارشد پپو قتل کیس میں گینگ وار کی سپورٹ کرنے پر گرفتار بھی کیا گیا تھا، اس مقدمے میں دیگر کے علاوہ عذیر بلوچ بھی گرفتار ہے۔پولیس کے مطابق مقتول اپنے قریبی عزیز سابق سرکاری ملازم کے ہمراہ عدالت میں پیشی کے بعد گھر واپس جاتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا۔قمر رضا جسکانی کے مطابق علاقے کی سی سی ٹی وی حاصل کی جا رہی ہے اور واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے پولیس کی ٹیمیں متحرک ہو گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق سولجر بازار میں قتل ہونے والے دونوں افراد کئی منٹ تک سڑک پر تڑپتے رہے، شہری ان کی ویڈیو بناتے رہے مگر کسی نے مدد نہیں کی۔حاصل ہونے والی ویڈیو میں شہریوں کی آوازیں آ رہی ہیں کہ ایمبولینس کو بلاؤ، ویڈیو کے دوران ایک شہری کہہ رہا ہے کہ 1 زخمی کی سانس چل رہی ہے۔پولیس اور ریسکیو ٹیمیں بھی جائے وقوع پر تاخیر سے پہنچیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں