امریکا ،طالبان مذاکرات آئندہ ماہ سعودی عرب میں ہونگے
ویب ڈیسک
پیر, ۳۱ دسمبر ۲۰۱۸
شیئر کریں
امریکا اور طالبان نمائندوں کی اگلی ملاقات جنوری میں سعودی عرب میں ہوگی، اس حوالے سے طالبان نے تصدیق کر دی، اطلاعات کے مطابق طالبان نے افغان حکومتی نمائندوں سے ملنے سے صاف انکار کر دیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے طالبان لیڈرشپ کونسل کے رکن کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل مذاکرات کا نیا دور اگلے ماہ سعودی عرب میں ہوگا، انکا کہنا تھا کہ جنوری میں امریکی نمائندوں سے سعودی عرب میں ملاقات کریں گے ، ملاقات میں ابوظبی مذاکرات میں نامکمل رہ جانے والی بات چیت دوبارہ شروع ہوگی۔انھوں نے کہا کہ تمام فریقین پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہم افغان حکومت سے بات نہیں کریں گے ، رواں ماہ طالبان اور امریکی نمائندوں کی ابو ظبی میں ملاقات ہوئی تھی جس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے نمائندے بھی شریک تھے ۔