ڈی آئی خان ، دہشت گردوں کا پولیس چوکی پر راکٹ لانچرز ودستی بموں سے حملہ
شیئر کریں
ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر راکٹوں سے حملہ کردیا تاہم بروقت جوابی کارروائی سے دہشت گرد پسپا ہوگئے۔ڈی آئی خان میں کلاچی پولیس اسٹیشن کی چوکی ٹکواڑہ پر دہشت گردوں نے رات گئے راکٹ حملہ کیا پولیس کے مطابق چوکی پر دہشت گردوں کی جانب سے شدید فائرنگ بھی کی گئی، تاہم پولیس کی جانب سے بروقت جوابی ایکشن سے دہشت گرد پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے۔پولیس کے مطابق ڈی پی او محمد شعیب خان نے ڈی ایس پی صدر حافظ عدنان اور اسکواڈ کے ساتھ بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیاجس میں دہشت گردوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آپریشن کے دوران چوکی پر موجود اہل کاروں کو ریسکیو کیا اور 4 اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ڈی آئی خان کی تاریخ میں دہشت گردوں کا یہ کسی بھی پولیس چوکی پر سب سے بڑا حملہ تھا، جس میں تقریباً 20 دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کو تین اطراف سے گھیر کر فائرنگ شروع کردی اور حملے میں پی جی سیون راکٹ اور دستی بموں سمیت جدید ہتھیاروں کا استعمال بھی کیا۔پولیس کی جانب سے ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والی کارروائی کے دوران دہشت گرد فرار ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران دہشت گرد ہلاک و زخمی بھی ہوئے، جنہیں ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے گئے۔ دہشت گرد چوکی پر قبضہ کرکے بڑی تباہی مچانا چاہتے تھے، جسے ناکام بنا دیا گیا۔واقعے کے بعد کلاچی سمیت ضلع بھر میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب کا کہنا ہے کہ پولیس کسی بھی قیمت پر دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دے گی