
شریف برادران سعودی عرب جاکر معافیاں مانگیں گے تاکہ پھر عوام کو چونا لگاسکیں، سابق مشیر
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم حسین نے کہاہے کہ نوازشریف پاکستان کو بدنام کررہے ہیں، ملک میں اداروں کے ساتھ کھلواڑ ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ملکی اداروں کے ساتھ جو جنگ کی جارہی ہے اسے دیکھ لیں گے،ہم نہیں تو کوئی بھی نہیں کی سیاست اب نہیں چلے گی، پاکستان پاکستانیوں کا ہے ہم پاکستان پرآنچ نہیں آنے دیں گے۔ لندن سے کراچی پہنچنے پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم حسین نے کہاکہ نواز شریف ملک کوبدنام کررہے ہیں، نوازشریف کی ڈگڈگی اوراداروں کے ساتھ کھلواڑہوتا دیکھ رہا ہوں، پاکستان پاکستانیوں کا ہے جس پرآنچ نہیں آنے دیں گے، عدلیہ اورفوج کے ساتھ جو جنگ کی جارہی ہے ہم اسے بھی دیکھ لیں گے اور ہم نہیں تو کوئی بھی نہیں کی سیاست نہیں چلے گی۔ڈاکٹرعاصم نے کہا کہ نوازشریف کواین آراو دینے کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی، شریف برادران سعودیہ جا کر گناہوں کی معافی مانگیں گے تاکہ پھرعوام کو چونا لگا سکیں۔ انہوں نے کہاکہ فی الحال پیپلز پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں، آئندہ الیکشن میں پی پی بھاری اکثریت سے جیتے گی۔