قلات ،کرک میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پرآپریشن، 12 خوارج مارے گئے
شیئر کریں
کرک میں سی ٹی ڈی، پولیس کا مشترکہ کارروائی، 8 دہشت گرد ہلاک، ایک اہلکار زخمی
قلات میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا،آئی ایس پی آر
سیکیورٹی فورسز نے قلات اور کرک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 27 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔دوسری جانب آر پی او نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ دوران آپریشن دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے، آپریشن میں اہم کامیابی ملی جس میں آٹھ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔آر پی او کوہاٹ عباس مجید مروت کے مطابق آپریشن بہادر خیل میں کیا گیا اس دوران ایک اہل کار زخمی ہوگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیٔرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، ویژن “عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔


