سردی کی لہر برقرار،کراچی میں شدت بڑھنے کی پیش گوئی
شیئر کریں
کراچی: کراچی سمیت ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جب کہ اسکردو منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا سرد ترین علاقہ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر کی بلوچستان کے شمالی اضلاع میں بھی شدید سردی ہے۔ کوئٹہ اور زیارت میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ رات بھی کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شہر کا درجہ حرارت 11 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔سندھ کے سیاحتی مقام گورکھ ہل اسٹیشن پر شدید سردی رہی جہاں درجہ حرارت منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی میں کہا گیا کہ کراچی میں پیر کو کم سے کم پارہ سنگل ڈیجیٹ 8 ڈگری تک گرسکتا ہے اس کے علاوہ شہر میں چندروز کے دوران مشرقی/ شمال مشرقی سمت کی ہوائیں چلنے کی توقع ہے، متوازی سمت کی ہواوں کے سبب موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے بھر میں سردی کی شدید لہر بدستور برقرار ہے، مختلف اضلاع میں رات کا درجہ حرارت 3 سے5 ڈگری کم ریکارڈ ہوسکتے ہیں، بالائی اور وسطی اضلاع میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔