پی ٹی آئی لانگ مارچ،حکومت دباؤ میں،مذاکرات کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل
شیئر کریں
پی ٹی آئی لانگ مارچ کے بعد حکومت شدید دبائو میں ہے اور اس حوالے سے حکومت سے مذاکرات پر مشروط آمادگی ظاہر کردی۔وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے وفاقی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے دی۔وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی زیر سربراہی کمیٹی میں 13 ارکان شامل ہیں۔ یہ کمیٹی لانگ مارچ کے حوالے سے امن و امان قائم رکھنے اور سیاسی بات چیت کیلئے قائم کی گئی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اگر لانگ مارچ سے متعلق کسی نے بات کرنی ہے تو کمیٹی سے کی جائے گی۔ مذاکرات کیلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ہم جمہوری لوگ ہیں بات چیت کیلیے تیار ہیں لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔کمیٹی میں ن لیگ کے ایاز صادق، طارق فضل چوہدری، خواجہ سعد رفیق، حنیف عباسی، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب ، پی پی کے قمر زمان کائرہ، ایم کیو ایم کے امین الحق، بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی، ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ، اے این پی کے میاں افتخار اور جے یو آئی (ف) کے مولانا اسد محمود شامل ہیںدریں اثناتحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے بیان میں کہا کہ حکومت کی مذاکرات کی دعوت کی خبریں غیر سنجیدہ ہیں،ایک طرف تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور حقیقی آزادی مارچ کی کوریج پر پابندیاں ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دوسری طرف ایک غیر سنجیدہ کمیٹی کی تشکیل کی خبریں صرف آزادی مارچ کو انگیج کرنے کیلئے ہیں، یہ چالاکیاں نہیں چلنی انتخاب کی تاریخ دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں جس کی پہلی شرط یہ ہے کہ حکومت انتخابات پر آمادگی ظاہر کرے۔