میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شہبازشریف پر منی لانڈرنگ کاکوئی مقدمہ نہیں تھا، شہزاد اکبر

شہبازشریف پر منی لانڈرنگ کاکوئی مقدمہ نہیں تھا، شہزاد اکبر

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۹ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ برطانوی عدالت سے جاری حکم نامے میں کہیں شہباز شریف کا نام موجود نہیں، انہیں کسی چیز سے بری کیا گیا ہے نہ ہی ان کے خلاف لندن میں منی لانڈرنگ پر کوئی مقدمہ تھا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رات دیر گئے میرا برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی سے رابطہ ہوا جس سے مجھے مجسٹریٹ کورٹ کا حکم نامہ ملا۔انہوں نے 2 صفحات پر مشتمل یہ مختصر حکم نامہ 10 ستمبر کو جاری کیا تھا جسے فیصلہ نہیں کہا جاسکتا، دراصل اثاثے منجمد کرنے کا حکم واپس لینے کا حکم ہے۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ نے 17 دسمبر 2019 کو 12 ماہ کے لیے 2 بینک اکاؤنٹس کے اثاثے منجمد کیے تھے جس میں ایک سلیمان شہباز شریف اور ایک ان کے وکیل ذوالفقار احمد کے نام پر ہے۔شہزاد اکبر نے کہا کہ نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے مشکوک ٹرانزیکشن کی بنیاد پر سلیمان شہباز اور ذوالفقار احمد کے اکاؤنٹس پر اثاثے منجمد کرنے کا حکم نامہ حاصل کیا تھا۔انہوں نے واضح کیا کہ برطانیہ میں شہباز شریف کے حوالے سے اثاثے منجمد کرنے کا کوئی حکم جاری نہیں ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکم نامہ دونوں فریقین کی رضامندی سے جاری ہوا جس میں کہا گیا کہ اے ایف اوز کو ختم کیا جاتا ہے، نہ کسی کو اس میں جرمانہ ہے نہ ہی فیس کی ادائیگی ہونی ہے، لاگت کے حکم نامے اس وقت جاری ہوتے ہیں جب آپ کسی کے ساتھ ناانصافی کریں۔انہوں نے کہا کہ برطانوی عدالت سے جاری حکم نامے میں کہیں شہباز شریف کا نام موجود نہیں، انہیں کسی چیز سے بری کیا گیا ہے نہ ہی ان کے خلاف لندن میں منی لانڈرنگ پر کوئی مقدمہ تھا۔شہزاد اکبر نے کہا کہ منجمد اثاثوں کی بحالی کے حکم کو ایسے بنا کر پیش کیا گیا جیسے لندن میں شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کے کیس سے بری کیا گیا ہو۔مذکورہ حکم نامے کا پس منظر بتاتے ہوئے مشیر برائے احتساب نے کہا کہ دسمبر 2019 میں این سی اے کو برطانیہ کے 2 بینکوں سے سلیمان شہباز کے 2 اکاؤنٹس میں 2 مشکوک ٹرانزیکشنز کی اطلاع ملی جس پر این سی اے نے ان کے اکاؤنٹس کو منجمد کردیا۔شہزاد اکبر نے کہا کہ این سی اے کے پاس یہ اختیار ہے کہ اگر کسی اکاؤنٹ یا ٹرانزیکشن پر کوئی شک گزرتا ہے تو اس کے اثاثوں کو 12 ماہ کے لیے منجمد کیا جاسکتا
ہے اور مزید تفتیش کے لیے 12 ماہ کی توسیع حاصل کی جاسکتی ہے،انہوںنے کہاکہ شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کے 2 مقدمات پاکستان میں چل رہے ہیں اور لندن میں جہاں کوئی کیس ہی نہیں تھا وہاں سلیمان شہباز کے منجمد اکاؤنٹ کی بحالی پر شہباز شریف کس طرح سرخرو ہوگئے، میں اس منطق پر حیران ہوں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں