کراچی کی سیاست میں نیا موڑ، ایم کیو ایم کے ایک اور دھڑے کا اعلان متوقع
شیئر کریں
(رپورٹ: صابر علی) آئندہ عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ہی جہاں ملک میں متعدد نئی سیاسی پیش رفت سامنے آئی وہیں کراچی کی سیاست میں بھی کچھ نیا ہونے جا رہا ہے ذرائع کے مطابق انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ہی کراچی میں ایم کیو ایم کے ایک اور موثر دھڑے کا اعلان متوقع ہے اس حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان میں چند ماہ سے جو کھچڑی پک رہی تھی وہ اب تیار ہو کر سامنے آنے کو ہے ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے مختلف دھڑوں کے انضام کے بعد سے ہی ایم کیو ایم پاکستان متحد ہونے کے بجائے دھڑے بندی کا شکار ہے اور ایک مخصوص دھڑے کے ایم کیو ایم پاکستان پر قبضے کے بعد سے ہی ایم کیو ایم پاکستان کے سنجیدہ اور سینئر رہنمائوں و کارکنان نے بہادر آبادآنا پہلے مرحلے میں کم کردیا تھا اور اب یہ ناراض گروپ گھر بیٹھے ناراض لوگوں سے رابطے میں ہے اور انہیں اعتماد میں لے کر ایک نئے گروپ کے ساتھ سامنے آنے کو تیار ہے جبکہ دوسری جانب ایم کیو ایم حقیقی کے چیئرمین آفاق احمد نے اپنی پارٹی کی نئے سرے سے صف بندی کر لی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اب ایم کیو ایم میں لنگڑا ، کانا، ٹنڈا، کمانڈو یا اس طرح کے نام والے لوگوں کے بجائے ڈاکٹر انجینئر اور دیگر پڑھے لکھے لوگ آپ کو نظر آئیں گے اس حوالے سے انہوں نے گزشتہ دنوں صحافیوں سے ملاقات میں غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے اپنے پڑھے لکھے انجینئرز اور دیگر لوگوں کے نام بھی بتائے جنہیں مختلف سیکٹرز کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان میں موجودہ قیادت سے ناراض گروپ مقتدر حلقوں کو زمینی حقائق اور ایم کیو ایم پاکستان کی موجودہ قیادت سے ناراضی اور ان کی ناکامیوں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے نئے گروپ کے لئے جگہ بنا رہے ہیں۔