
سندھ بلڈنگ، ڈی جی کی سرپرستی میں رہائشی پلاٹوں پر بلند عمارتوں کی تعمیر
شیئر کریں
ڈائریکٹرآصف رضوی کی ریٹائرمنٹ سے قبل مال کماؤ مہم میںتیزی ، غلط تعمیرت کو تحفظ
جمشید روڈ نمبر 1 JM 869اور JM 875 کے رہائشی پلاٹوں پر کمرشل تعمیرات
غیر قانونی تعمیرات کے ذمہ دار آصف رضوی سے موقف کے لیے رابطہ، جواب نہیں دیا
ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی محمد اسحاق کھوڑو کی سرپرستی میں شہر بھر میں رہائشی پلاٹوں پر بلند عمارتوں کی تعمیرتیزی سے جاری ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بدعنوان بلڈنگ افسران نے ملکی محصولات کو بھاری نقصان پہنچاتے ہوئے بغیر نقشے اور منظوری کے رہائشی پلاٹوں پر کمرشل تعمیرات شروع کروا رکھی ہیں۔ پہلے سے شکستہ حال کراچی کا بنیادی ڈھانچہ مکمل طور پر تبدیل ہوچکا ہے اور گیس بجلی پانی سیوریج اور پارکنگ کے بنیادی مسائل میں بے شمار اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ جمشید روڈ کے سروے کے دوران میں جرأت ٹیم سے بات کرتے ہوئے ابراہیم نامی شخص کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں جاری غیر قانونی تعمیرات میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران بذات خود ملوث ہیں، ان بدعنوان افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ضلع شرقی پر قابض ڈائریکٹر آصف رضوی نے ریٹائرمنٹ سے قبل مال کماؤ مہم کو تیز کر دیا ہے، جس کا اندازہ اس بات سے با آسانی لگایا جا سکتا ہے کہ جمشید روڈ نمبر 1پلاٹ نمبر JM 869اور 875 JM کے رہائشی پلاٹوں پر کمرشل تعمیرات ڈائریکٹر آصف رضوی کی نگرانی میں جاری ہیں ۔دلچسپ امر یہ ہے کہ خلاف ضابطہ تعمیرات کو انہدام سے محفوظ رکھنے کی گارنٹی بھی دی جارہی ہے۔ غیر قانونی تعمیرات پر جرأت سروے ٹیم کی جانب سے موقف لینے کے لئے ڈائریکٹر آصف رضوی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر موصوف نے جواب دینا ضروری نہ سمجھا۔