میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
لیاری گینگ وار سرغنہ، عزیر بلوچ کی رہائی کا راستہ صاف ہونے لگا

لیاری گینگ وار سرغنہ، عزیر بلوچ کی رہائی کا راستہ صاف ہونے لگا

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۹ فروری ۲۰۲۴

شیئر کریں

لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے خلاف درج مقدمات ایک ایک کرکے ختم ہو رہے ہیں۔ عزیر بلوچ کے خلاف 2004 میں قتل کیس سے شروع ہونے والا سلسلہ 2014 میں مجموعی طور پر 61سنگین مقدمات پر تھما۔ اس دوران عزیر بلوچ کے خلاف لیاری آپریشن، رینجرز اہلکاروں کے قتل، ارشد پپو قتل کیس، پولیس تھانوں پر حملے اور اغوا برائے تاوان سمیت دہشت گردی کے ہائی پروفائل مقدمات درج کیے گئے۔ اب عزیر بلوچ کے باہر آنے کا راستہ صاف ہونے لگا ہے۔اس بات کا اندازہ یوں لگایا جا سکتا ہے کہ 2020 سے اب تک عزیر بلوچ تقریبا 40مقدمات میں بری ہوچکا ہے۔ ٹھوس ثبوت و شواہد نہ ہونے اور گواہوں کی جانب سے شناخت نہ کیا جانا مقدمات ختم ہونے کی وجہ بننے لگے ہیں۔دستیاب معلومات کے مطابق لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے خلاف 2004 میں مقدمات درج ہونے کا آغاز ہوا تھا اور 2014 تک مقدمات کی تعداد لیاری کے مختلف تھانوں میں 61 تک جا پہنچی۔ تاہم لیاری میں عزیر بلوچ کے نام کی دہشت ہونے کے سبب پولیس اسے گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔عزیر بلوچ کے خلاف درج ہائی پروفائل مقدمات میں ارشد پپو قتل کیس، رینجرز کے اہلکاروں کا قتل، لیاری آپریشن اور تاجروں کے بچوں کے اغوا برائے تاوان سمیت دہشت گردی کے مقدمات شامل تھے۔ جبکہ قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلہ، غیرقانونی اسلحہ، بھتہ خوری، پولیس پر حملہ، فائرنگ سے خوف و ہراس پھیلانے، پولیس تھانوں پر حملے سمیت سنگین جرائم اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات بھی شامل ہیں۔ مذکورہ مقدمات کلری، چاکیواڑہ، کلاکوٹ، بغدادی، پاک کالونی سمیت دیگر تھانوں میں درج کیے گئے۔عزیر بلوچ کے خلاف درج مقدمات میں 22 مقدمات لیاری آپریشن کے دوران ہونے والے واقعات کے ہیں۔ جن میں زبردستی دکانوں کو بند کرانے، قتل، فائرنگ کرکے شہریوں کو گھروں میں محصور کرنے، پولیس موبائل پر فائرنگ اور تھانوں پر حملے کی دفعات شامل ہیں۔ مذکورہ مقدمات میں عزیر بلوچ کے ساتھیوں کو بھی نامزد کیا گیا۔ جن میں ظفر بلوچ، شاہجہان بلوچ، یوسف بلوچ، غفار عرف ماما، نور محمد عرف بابا لاڈلہ، شاہد مکس پتی، تاج محمد عرف تاجو، اسماعیل اصفہانی، شکیل بلوچ، صدیق، فہد پٹھان، دوست محمد لاسی، زاہد لاڈلہ، ملا نثار، محمد شاہد، عبدالجبار عرف لنگڑا، شاہد الرحمان عرف ایم سی بی، آصف نیازی، نعیم، شفیع پٹھان، شیر علی، عبدالروف، منظور، فاروق، قطب شاہ، محمد ریحان، صالح عثمان، عبدالقادر، سعید پٹھان، عمر کچھی، شکیل، وسیع اللہ لاکھو و دیگر شامل ہیں۔پولیس نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے خلاف مقدمات کا پہاڑ تو کھڑا کیا۔ تاہم عدالتوں میں پراسیکیوشن اور تفتیشی افسران الزامات ثابت کرنے میں ایک ایک کرکے ناکام ہوتے جارہے ہیں۔ اس بات کا اندازہ یوں لگایا جاسکتا ہے کہ وہ 2020 سے اب تک تقریبا 40 مقدمات میں بری ہوچکا۔ ان مقدمات میں لیاری آپریشن، رینجرز اہلکاروں کا قتل، اغوا برائے تاوان، دھماکہ خیز مواد، غیر قانونی اسلحہ و دیگر شامل ہیں۔ جبکہ پراسیکیوشن اور تفتیشی حکام اب تک عزیر بلوچ کوکسی ایک مقدمہ میں بھی سزا نہیں دلاسکے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں