میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سیلابی صورتحال کے باعث بچوں میں خوفناک بیماریاں جنم لے رہی ہیں،مراد علی شاہ

سیلابی صورتحال کے باعث بچوں میں خوفناک بیماریاں جنم لے رہی ہیں،مراد علی شاہ

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۸ اکتوبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال کے باعث بچوں میں خوفناک بیماریاں جنم لے رہی ہیں، پاکستان میں پہلی بار نوزائیدہ بچوں کو آکسیجن کی فراہمی کیلئے گائیڈ لائنز تیار کی گئی ہیں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کی 26 ویں عالمی پیڈیاٹرک کانفرنس میں شرکت کی جہاں انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ میں دس سال بعد اس سطح کی کانفرنس منعقد ہوئی ہے، پاکستان بھر سے اور بیرون ملک سے تقریبا تین ہزار مندوبین شریک ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی و عالمی ماہرین بچوں کے علاج میں تحقیق اور ترقی کا اشتراک کریں گے جبکہ کانفرنس سے ہمارے ملک میں بچوں کی شرح اموات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ سید مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں سالانہ شرح پیدائش 3.2 ہے جو بہت زیادہ ہے ، پیدائشی شرح میں اضافہ سے پاکستان میں بچوں کی اموات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کی شرح 60 فیصد ہے جس کی وجہ سے بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ سیلابی صورتحال کے باعث بچوں میں خوفناک بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات 1000 میں سے 42 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں بچوں کی شرح پیدائش اور اموات سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی اے ملک بھر کے مختلف اداروں میں سو سے زائد ورکشاپس کا انعقاد کر چکا ہے، 9 آئون سائٹ پری کانفرنس ورکشاپس، 4 لامحدود مذاکرات اور 24 سائنسی سمپوزیا ہوں گے۔ سید مراد علی شاہ نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ محققین کی جانب سے 70سے زائد تحقیقی مقالے اور 50 پوسٹرز پیش کیے جائیں گے، جدید ترین تحقیق کو پیڈیاٹرکس جیسے تمام شعبوں میں پیش کیا جائے گا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں پہلی بار نوزائیدہ بچوں کو آکسیجن کی فراہمی کیلئے گائیڈ لائنز تیار کی گئی ہیں، نوزائیدہ سائنس، پلمونولوجی، نیورولوجی، نیفرولوجی، کارڈیالوجی، اینڈو کرائنولوجی، ویکسی نیشن وغیرہ پیش کی جائیں گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں