آپ کے مسائل کا حل (اسلام کی روشنی میں)
شیئر کریں
مفتی غلام مصطفیٰ رفیق
قعدہ اخیرہ میں دعارہ جانے پر نماز کا حکم
سوال:میں آخری قعدہ میں بیٹھاہواتھا،درود شریف پڑھ چکاتھا،میں نے درود کے بعددعاپڑھے بغیرہی سلام پھیردیااورباجماعت نمازمیں شامل ہوگیا،آیااس صورت میں میری نمازہوگئی؟
جواب:درود شریف کے بعد دعائے ماثورہ کاپڑھناسنت ہے،جماعت میں شامل ہونے کے لئے اگرکسی نے درود شریف پڑھ کردعاء پڑھنے سے پہلے ہی سلام پھیردیاتب بھی نماز مکمل ہوجائے گی،لوٹانے کی ضرورت نہیں۔(فتاویٰ شامی،باب صفۃ الصلوۃ،1/473،ط:سعید)
سودی رقم سے غریبوں کے ساتھ تعاون کرنا
سوال:میں ایک ادارے میں کام کرتاہوں میری تنخواہ بینک میں آتی ہے اور اس پرسود ملتاہے، میں چھ مہینے یاسال کے بعد وہ رقم اپنے خاندان میں کسی غریب کو دے دیتاہوں اسے بتلاتانہیں کہ سود کی رقم ہے، کیاایساکرنامیرے لئے جائزہے؟
جواب: کسی کی مددکرنے کی نیت سے سیونگ اکاؤنٹ کھلوانااور سودحاصل کرناجائزنہیں،البتہ اگرناواقفیت کی وجہ سے سیونگ اکاؤنٹ کھلوایایاتنخواہ کے لئے سیونگ اکاؤنٹ کھلواناضروری تھا اوراب اس اکاؤنٹ سے سودی رقم ملتی ہے تووہ رقم کسی ضرورت مندکوبغیرثواب کی نیت کے دے سکتے ہیں،بتلاناضروری نہیں۔آپ اپنے سیونگ اکاؤنٹ کوکرنٹ اکاؤنٹ میں تبدیل کروادیں اوراگرایساممکن نہ ہوتو تنخواہ آتے ہی سیونگ اکاؤنٹ سے کرنٹ اکاؤنٹ میں منتقل کردیں۔
کیاعشرکے لیے نصاب مقررہے؟
سوال:سوال یہ ہے کہ جس طرح زکوۃ کے لئے سونے کانصاب ساڑھے سات تولہ اورچاندی کانصاب ساڑھے باون تولہ مقررہے،کیااسی طرح عشرکے لئے بھی کوئی نصاب ہے یانہیں؟
جواب:عشرکے وجوب کے لئے کوئی نصاب نہیں ہے،حدیث شریف میں ہے:”جتنابھی زمین میں سے پیداہوجائے اس میں عشرواجب ہے ”۔امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے نزدیک زمین کی تمام پیداوارپرخواہ کم ہویازیادہ،عشرکی ادائیگی لازم ہے۔
ننگے سر نماز ادا کرنا
سوال:کیابغیرٹوپی کے نمازقبول ہوجاتی ہے یانہیں؟
جواب:ننگے سرنمازپڑھنامکروہ ہے،نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم،صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اوراسلاف امت کامعمول ٹوپی پہن کرنمازپڑھنے کاتھا۔کبھی اتفاق سے ننگے سرنمازپڑھ لی توکوئی حرج نہیں لیکن اس کی عادت بنالینامکروہ ہے۔نمازکے علاوہ عام حالات میں بھی ایک مسلمان کے لئے ننگے سررہنانامناسب اور خلاف ادب ہے۔(فتاویٰ شامی،مکروھات الصلوۃ1/641،ط:ایچ ایم سعید)
٭٭٭