میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مقبوضح کشمیر ‘ بھارتی فوج کی بربریت ‘ برہان وانی کے ساتھی سمیت 12کشمیری شہید

مقبوضح کشمیر ‘ بھارتی فوج کی بربریت ‘ برہان وانی کے ساتھی سمیت 12کشمیری شہید

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۸ مئی ۲۰۱۷

شیئر کریں

سری نگر/ اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک + ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فو ج نے گزشتہ سال 8جولائی کو برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقرر کئے گئے ان کے جانشین اور حزب المجاہدین کے اہم کمانڈر سبزار احمد بٹ سمیت گزشتہ روز 12 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے سبزار احمد کو اپنے دو ساتھیوں سمیت ضلع پلوامہ کے علاقے سےموہ ترال میں ایک جھڑپ کے دوران شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے سبزار احمد اور ان کے ساتھیوں کو پہلے گرفتارکیا اور بعد میں دوران حراست شہیدکیا۔ دیگر شہداء میں بھارتی فورسز نے ضلع بارہمولہ کے علاقوں رامپور اور اڑی میں مزید آٹھ نوجوانوں کو پرتشدد کارروائیوں کے دوران جبکہ ایک شہری کوبھارتی فورسز نے سیموہ میں مظاہرین پر فائرنگ کرکے شہید کیا۔ بھارتی فوجیوں نے سیموہ میں دومکانات کو بھی تباہ کیا۔ سبزار احمد کی شہادت کے بعد سرینگر ، بڈگام، گاندربل، پامپور، پلوامہ، کاکہ پورہ، ترال، اسلام آباد، کھنہ بل ،بجبہاڑہ، شوپیاں ، کلگام ، حاجن ،سوپور، بارہمولہ ، سنبل ، کپوارہ ، بانڈی پورہ اور دیگر علاقوں میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے شروع ہوگئے ۔مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ بھارتی فورسز اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس نے مظاہرین پر پیلٹ اور گولیاں چلائیں اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں 100سے زائد افراد زخمی ہوئے ۔ ایک شہری مولوی عاقب احمد سےموہ میں پیشانی پر بھارتی فورسز کی گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا جس کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ترال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔سبزار احمد کی شہادت پر طلباءنے بھی سرینگر ، گاندربل ، شوپیاں ، سوپور، بارہمولہ ، بانڈی پورہ، سنبل ، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے۔ سبزار احمد کی شہادت کے بعد وادی کشمیر میں ہڑتال کی گئی اور دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کردیں جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل ہوگئی۔ وادی کشمیر میں حالات کشیدہ ہونے پر کٹھ پتلی انتظامیہ نے ایک بار پھر انٹرنیٹ سروس کو معطل کردیا تاکہ لوگ سبزار احمد کی شہادت کے بعد پیش آنے والے واقعات کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات فراہم نہ کرسکیں ۔قابض انتظامیہ نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی 22ویب سائیٹس پر ایک ماہ طویل پابندی اٹھانے کے صرف ایک روز بعد ایک بار پھر انٹر نیٹ کی سروس معطل کردی۔ دریں اثناءسید علی گیلانی ، میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحتمی قیادت نے ایک بیان میں سبزار احمد اور دیگر شہداءکو شاندار خراج عقیدت پےش کیا۔ انہوں نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف کل سے دوروزہ مکمل ہڑتال اور منگل کو ترال کی طرف مارچ کی کال دی ہے جہاں شہداءکی یاد میں ایک عظیم الشان عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سفاک بھارتی فوج کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں 12 کشمیری نوجوانوں کے بہیمانہ قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور او آئی سی سے بھارتی مظالم بند کرانے کیلئے کردار ادا کرنے کو کہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیر میں جرائم کے ساتھ لائن آف کنٹرول پر بھی کشیدگی بڑھا رہا ہے۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے مقبوضہ کشمیر کے علاقوں پلوامہ اور بارہ مولہ میں بھارتی فوج کی جانب سے دس سے زائد کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس جارحیت ،سفاکی اور تشدد کی راہ پر بھارت اور اس کی فوج گامزن ہے اس کے خطے کی سلامتی کیلئے بڑے خطرناک نتائج برآمد ہونگے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں