شعیب شاہین کا نام غلطی سے کنٹرول لسٹ میں آگیا
شیئر کریں
اسلام آباد: پاسپورٹ آفس کی جانب سے عدالت میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین کا نام غلطی سے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں آگیا غلطی پر معافی چاہتے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر کے روبرو ہوئی جس میں شعیب شاہین ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے۔شعیب شاہین نے کہا کہ میرا نام پہلے پی این آئی ایل میں ڈالا گیا تھا، عدالتی حکم پر ایف آئی اے نے لسٹ سے میرا نام نکال دیا، سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے میرا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں دوبارہ ڈالا گیا۔
ایف آئی اے نے کہا کہ ہماری طرف سے شعیب شاہین کا نام کسی لسٹ میں نہیں، نمائندہ پاسپورٹ آفس نے کہا کہ شعیب شاہین کا نام غلطی سے لسٹ میں ڈالا گیا تھا جو اب کلئیر کردیا گیا، شعیب شاہین کا پاسپورٹ ایکٹو کردیا گیا، غلطی پر معافی چاہتے ہیں۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ اگر نام دوبارہ کسی لسٹ میں ڈالا گیا تو توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 13 جنوری تک ملتوی کردی۔