سندھ بلڈنگ، دہلی مرکنٹائل سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات ،معاملہ عدالت پہنچ گیا
شیئر کریں
عدالت کی فوری سماعت کی درخواست منظور ، فریقین اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری
عدالتی کاروائی کے باوجود تعمیراتی کام بلا روک ٹوک جاری، ڈائریکٹر سمیع جملانی کی ملی بھگت
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سندھ ہائی کورٹ کراچی میں دہلی مرکنٹائل مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف دائر آئینی درخواست نمبر D-4445/2026 کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے فوری سماعت کی درخواست منظور کرتے ہوئے استثنا کی درخواست بھی قانونی اعتراضات کے تابع منظور کر لی، جبکہ دفتر کے اعتراضات کو فی الحال مؤخر کر دیا۔درخواست گزار کی جانب سے ایڈوکیٹ واحد حسین سہتو پیش ہوئے ۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جواب دہندگان پلاٹ نمبر 16/1، بلاک 3، دہلی مرکنٹائل مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، کراچی پر 469 مربع گز کے رہائشی پلاٹ پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے منظور شدہ نقشے اور سوسائٹی کے این او سی کے بغیر غیر قانونی تعمیرات کر رہے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ سوسائٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق رہائشی علاقے میں کثیر المنزلہ یا کمرشل تعمیرات کی اجازت نہیں، جبکہ مذکورہ پلاٹ صرف رہائشی مقصد کے لیے مختص ہے ۔
درخواست گزار کے مطابق بغیر قانونی منظوری کے تعمیرات سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈیننس 1979 اور کراچی بلڈنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ریگولیشنز 2002 کی خلاف ورزی ہیں۔
ذرائع کے مطابق عدالتی کاروائی اور مقدمہ زیر سماعت ہونے کے باوجود ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیع جملانی کی مبینہ ملی بھگت سے متعلقہ پلاٹ پر تعمیراتی کام بلا روک ٹوک جاری ہے ،جس پر سوسائٹی کے رہائشیوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر بلدیات سے فوری مداخلت اور عدالتی احکامات کے مطابق قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد جواب دہندگان اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ تاریخ سماعت عدالت کا دفتر اگست 2026 کے پہلے ہفتے میں مقرر کرے گا۔
جرأت کی جانب سے متعلقہ ڈائریکٹر سمیع جملانی سے موقف لینے کے لئے رابطے کی کوشش کی گئی مگر خبر کی اشاعت تک رابطہ ممکن نہ ہو سکا ۔موقف موصول ہونے پر مناسب اہمیت کے ساتھ شامل اشاعت کیا جائے گا ۔
سندھ بلڈنگ


