سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 9 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید
شیئر کریں
سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ، بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ، فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید اور 5 زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پر خیسورہ اور دوسالی کے علاقوں میں کارروائی کی گئی جہاں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 1کو گرفتار کر لیا گیا ،دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2جوان شہید اور 5زخمی ہو گئے ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کی سرچنگ کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے 29 سالہ لانس نائیک عبدالوحید کاتعلق مظفرآباد کے علاقے راجکنڈی سے تھا جن کے پسماندگان میں 3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے جبکہ 33 سالہ شہید سپاہی سکم داد کا تعلق چھانگلہ گلی ایبٹ آباد سے تھا اور انہوں نے پسماندگان میں ایک بیٹا اور بیٹی سوگوار چھوڑے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں نامعلوم دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید اور 3 جوان زخمی ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید حوالدار اکبر حسین کا تعلق آزادکشمیر کے علاقے دھیر کوٹ ضلع باغ سے تھا سکیورٹی فورسز کا علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔