پولیٹیکل ویب سیریز منڈی پاکستان میں پہلے نہیں بنی، شایان فاروقی
شیئر کریں
اداکارہ صبا قمر نے کچھ دن پہلے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے نئے پروجیکٹ منڈی کی ایک تصویر جاری کی تھی جس میں انہیں اداکار میکال ذوالفقار کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ اس تصویر پر بہت سے صارفین نے اظہار خیال کیا کہ صبا اپنے نئے پروجیکٹ میں کسی سیاست دان کے کردار میں نظر آئیں گی۔ قیاس آرائیوں میں یہ بات بھی زیر گردش رہی کہ اداکارہ مریم نواز کا کردار ادا کر رہی ہیں کیونکہ تصویر میں ان کا حلیہ ان سے مشابہت رکھتا ہے۔ ویب سیریز منڈی کے پروڈیوسر شایان فاروقی خان نے خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ منڈی ایک ایسی پولیٹیکل ویب سیریز ہے جو شاید پاکستان میں ان سے پہلے کسی نے نہیں بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ناظرین اس ویب سیریز کی کہانی جاننے کے منتظر ہیں اور انہیں اشتیاق ہے کہ یہ کس بارے میں ہے۔ ایک سوال پر شایان نے کہا کہ ڈائریکٹر نے صبا کا نام لیا تھا کہ وہ یہ کردار ان سے کرانا چاہتے تھے، وہ ایک بہترین فنکارہ ہیں اور اس کردار کیلئے کافی سنجیدہ بھی ہیں،ان کا کام ذاتی طور پر مجھے پسند ہے لہذا کوئی وجہ نہیں تھی کہ یہ کردار ان کے علاوہ کوئی اور کرتا۔