میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
امارات میں پاکستانی جعلی کرنسی کا بھارتی نیٹ ورک بے نقاب

امارات میں پاکستانی جعلی کرنسی کا بھارتی نیٹ ورک بے نقاب

ویب ڈیسک
پیر, ۲۶ فروری ۲۰۲۴

شیئر کریں

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی جعلی کرنسی کا بھارتی نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔ نیٹ ورک کے تانے بانے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے ملتے ہیں۔ اس ضمن میں دبئی سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں پاکستان میں اہم گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ جبکہ تحقیقات کا دائرہ اس پورے نیٹ ورک سے منسلک پاکستان اور دبئی میں موجود ملزمان تک وسیع کردیا گیا ہے۔ جس میں درجن بھر کھیپیوں کے علاوہ فوڈ، الیکٹرانک اور کاسمیٹکس کے سامان کے متعدد ڈیلرز اور سپلائرز بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں تحقیقاتی اداروں کی جانب سے اسلام آباد، لاہور اور پشاور کے ایئر پورٹوں سے خفیہ اطلاعات پر بیرون ملک سے آنے والے فوڈ آئٹمز کی کچھ ایسی کھیپیں پکڑی گئی ہیں۔ جن میں چھپائے گئے 5ہزار روپے مالیت کے ہزاروں جعلی نوٹ برآمد ہوئے ہیں۔ سامان کی درآمد سے منسلک بعض افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کی گئیں۔ جس کی بنیاد پر شہریار اور احمد نامی افراد کے حوالے سے معلومات ملیں کہ یہ افراد ان وارداتوں میں کھیپی اور سپلائرز کی صورت میں ملوث ہیں۔یہ بھی معلوم ہوا کہ دونوں ملزمان دبئی میں موجود ایک سامان کے بڑے سپلائر اور ڈیلر شفیق کے فرنٹ مین ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ کرنسی نوٹ غیر ملکی خشک دودھ اور جوس کے پائوڈر کے ڈبوں میں مہارت کے ساتھ چھپا کر ملک میں لائے جا رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق اس کارروائی سے قبل تحقیقاتی ادارے کی ٹیم کو دبئی میں ہونے والی ایک نجی ڈانس پارٹی سے اہم معلومات اس وقت ملیں جب اس نیٹ ورک سے منسلک افراد نشے میں دھت ہوکر ایک ڈانسر کی وجہ سے آپس میں الجھ پڑے۔ اس لڑائی جھگڑے کے دوران معلوم ہوا کہ ان کے پاس ڈبوں میں جعلی نوٹ بھرے ہوئے تھے۔مزید تحقیقات پر معلوم ہوا کہ یہ جعلی کرنسی نوٹ بھارت میں بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے تحت چھاپے جا رہے ہیں اور پاکستان کو معاشی طور پر مزید کمزور کرنے کیلئے مختلف قسم کے سامان میں چھپا کر دبئی اور دیگر ریاستوں میں منتقل کردیئے جاتے ہیں۔ جہاں سے یہ کرنسی پاکستان میں سامان لے کر آنے اور جانے والے ان کھیپی افراد کو سپلائی کردیئے جاتے ہیں۔تحقیقاتی ادارے کی ٹیم کو اس نیٹ ورک سے منسلک شفیق اور شہریار نامی افراد کی تصاویر اور پاسپورٹ کے کوائف بھی مل گئے ہیں۔ جنہیں دیگر افراد کے ساتھ ان کی کیس فائل کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ جبکہ اسی معلومات کی روشنی میں بعد ازاں شفیق کے فرنت مین احمد اور شہریار نامی افراد کے ذریعے پاکستان بھیجے جانے والے فوڈ آئٹمز کے سامان میں سے جعلی نوٹ بر آمد کئے گئے۔ جبکہ دو اہم گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ جن سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم چونکہ اس معاملے میں ابھی بہت سی گرفتاریاں باقی ہیں۔ اس لئے معاملے کو انتہائی خفیہ رکھا جا رہا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں