شاہ بھٹائی کی دعا اور زرداری کی سیاست!!!سیاسی وکٹیں گراتے ہوئے پیپلزپارٹی کے بولڈ ہونے کا بھی خطرہ
شیئر کریں
٭زرداری سیاست نے سندھ کی مزاحمانہ سیاست کا گلا گھونٹ دیا،پی پی کی تین صوبوں میں سیاست عملاً ختم
الیاس احمد
سندھ کی سیاست نے بھی عجیب کروٹ لی ہے ۔ کبھی یہ پورا صوبہ مزاحمت کی ایک علامت سمجھا جاتا تھا۔ ایوب خان سے لے کر ضیاءالحق اور جام صادق تک کسی کو بھی اس نے دل میں جگہ نہ دی اور ان کے خلاف مزاحمت کے لئے کھڑے ہوگئے۔ تبھی ایوب خان نے غصہ میں کہا تھا کہ کراچی والو آپ کہاں جاﺅ گے آگے سمندر ہے؟ لیکن یہ دھمکی بھی کراچی والوں کا کچھ نہ بگاڑ سکی اور پھر وقت نے ثابت کیا کہ سمندر بھی بہتا رہا اور کراچی والے بھی زندگی کرتے رہے مگر ایوب خان نہ رہے اور ان کا نام و نشان بھی باقی نہ رہا۔ یعنی ایوب خان کے نام کی سیاست ہی باقی نہ رہی۔ پھر ضیاءالحق آئے انہوں نے مظاہرہ کرنے والے نہتے لوگوں پر ہیلی کاپٹر سے فائرنگ کرائی اور مورو اور دادو میں 80 سے زائد بے گناہ افراد قتل کردیے گئے ۔ وقت نے ثابت کیا اور مزاحمت جاری رہی مگر ضیاءالحق ختم ہوگئے اُن کے نام کی سیاست بھی باقی نہ رہی۔ مگرنہ جانے اس صوبے کو اب کیا ہوگیا ہے کہ یہ پورا صوبہ آصف علی زرداری کے ہاتھ کی جنبش میں آگیاہے۔ کراچی بانی متحدہ کے ہاتھ میں تھا مگر اُنہوں نے کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کو نہ جانے کہاں رہن رکھوادیاتھا ، اب بڑے عرصے بعد کراچی بندوق کے سائے سے آزاد ہوا ہے اور دیگر جماعتیں اپنی سوچ اور پالیسی کے تحت یہاں سیاست کررہی ہیں۔ آصف زرداری جن پر مسٹر ٹین پرسنٹ کا الزام لگا۔ جن کے ساتھیوں پر سنگین الزامات لگے۔ اُن کی کہانیاں ہر زبان پر آنے لگیں۔ کچھ مخالفین قتل ہوئے تو ان کے الزامات بھی آصف زرداری اور ان کے ساتھیوں پر لگے۔ مگر محترمہ بےنظیر بھٹو کے قتل کے بعد حالات نے یوٹرن لیا اور آصف زرداری کنگ بھی بنے اور کنگ میکربھی بنے۔ ان کی قسمت پر رشک ہی کیاجاسکتاہے۔ حالانکہ ان ہی آصف زرداری نے پارٹی کو دیگر تین صوبوں میں دفن ہی کردیا ہے۔ آزاد کشمیر‘ گلگست بلتستان میں پارٹی کا نام و نشان تک باقی نہیں رہا۔ لیکن سندھ میں اس پارٹی کو روزانہ عروج مل رہا ہے اور اب تو پورا صوبہ پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہورہا ہے۔
شاہ عبدالطیف بھٹائی کی شاعری اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور تصوف کا مجموعہ ہے ۔ شاہ بھٹائی نے ایک شعر میں اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا مانگی ہے کہ ” اے اللہ مجھے عقلمند نہ بنانا، کیونکہ زیادہ عقلمند دکھ جھیلتے ہیں۔“آصف زرداری صاحب بھی وہی عقلمند بن رہے ہیں جس کے لیے شاہ بھٹائی نے کہا ہے کہ وہ دُکھ دیکھتے ہیں ۔ کشمور سے کراچی تک تمام مخالفین کو پی پی پی میں شامل کررہے ہیں۔ اب صرف پیر پگارا‘ سید غوث علی شاہ ‘ ارباب غلام رحیم‘ ممتاز بھٹو‘ غلام مرتضیٰ جتوئی‘ الٰہی بخش سومرو‘ محمد میاں سومرو‘ لیاقت جتوئی اور اعجاز شاہ شیرازی بچ گئے ہیں۔ جو پی پی میں یا تو شامل ہی نہیں ہوسکتے یا پھر ان کو شامل کرنا پی پی کا ایجنڈا نہیں ہے۔ اب توسابق صدر غلام اسحاق خان کے داماد عرفان اللہ مروت‘ جام صادق کے بھتیجے جام مدد علی‘ جام صادق کے پرسنل سیکریٹری امتیاز شیخ‘ سابق صدر فاروق لغاری کے بھتیجے نادر اکمل لغاری بھی پی پی میں شامل ہوچکے ہیں ۔ اس پر سوشل میڈیا میں دلچسپ تبصرے ہوئے ہیں کہ اگر ضیاءالحق اور جام صادق بھی زندہ ہوتے تو آصف زرداری ان کو بھی پی پی میں شامل کرلیتے۔ لیکن یہ صرف وہی روایت دہرائی جارہی ہے جب 71ءکے بعد ذوالفقار بھو نے پورے ملک کے سیاسی لوگوں کو یا تو پی پی میں شامل کیا یا پھر جیل میں ڈالا ۔ اس پر یہ مقولہ مشہور ہوا کہ ’لاڑکانہ چلو ‘ورنہ تھانے چلو‘ حبیب جالب نے یہ بات کہہ کر ایک تاریخ رقم کی تھی۔ لیکن جب بھٹو کو گرفتار کیا گیا اس وقت سے لے کر پھانسی تک وہی لوگ چھپ کر بیٹھ گئے اور وہی لوگ آگے چل کر مختلف پارٹیوں میں چلے گئے۔ آج ہر ضلع میں سب سیاسی حریفوں کو یکجا کرکے ان کو ’ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود و ایاز‘ کے مصداق پی پی میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ لیکن یہ بات آصف زرداری یا ان کے ساتھیوں نے سوچی ہے کہ کل جب عام انتخابات ہوں گے تو پھر کس کس کو ٹکٹ دیا جائے گا؟ کس کو راضی اور کس کو ناراض کیا جائےگا؟ اور جب حالات تبدیل ہوں گے تو برساتی مینڈک کہاں کھڑے ہوں گے؟ ضلع گھوٹکی میں علی گوہر مہر کے سیاسی مخالفین میں خالد احمد لونڈ اور نادر اکمل لغاری ہیں ،اب وہ دونوں پی پی میں شامل ہوچکے ہیں۔ اسی طرح لاڑکانہ میں صرف انڑ خاندان الگ ہے اور ممتاز بھٹو تو محترمہ بےنظیر بھٹو کے دور سے ہی ایک سیاست کررہے ہیں ۔ بقیہ سب کو اپنے ساتھ ملالیا گیا ہے۔ شکارپور میں بھی سیاسی مخالفین کو پی پی میں لایا گیا ہے لیکن جب عام انتخابات ہوں گے تو پارٹی کے اہم رہنما یا تو مسلم لیگ (ن) یا پھر تحریک انصاف میں شامل ہوں گے اور اس وقت یہی عقلمندی گلے پڑ جائےگی تب وقت گزر چکا ہوگا۔