وزیراعظم ،وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے خواہش مند ہیں،گورنرسندھ
شیئر کریں
گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے خواہش مند ہیں۔مز ارقائد پر حاضری کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کا مقصد سندھ کی ترقی ہے ، دونوں مل کرچلیں گے تو صوبے کے لیے بہتر کام کرسکیں گے ۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے یہ بھی کہا کہ گرین لائن کی تاریخ ابھی نہیں دی جاسکتی، وزیراعظم جلد کراچی کے پانچ دیگر منصوبوں کا افتتاح کریں گے ۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ گرین لائن سے متعلق میڈیا نے ان کی بات کا غلط مطلب سمجھا یا پھروہ سمجھا نہیں پائے ۔اس دوران عمران اسماعیل نے ملک کی اقلیتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کوتمام حقوق حاصل ہیں۔گورنرسندھ نے بھارتی جارحیت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیکولرازم کے دعویدار بھارت میں مسلمان مشکل حالات سے گزررہے ہیں، بھارت میں مسلمانوں کیساتھ جوکچھ ہورہا ہے وہ دنیا کے سامنے ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا سے بھارت کیخلاف وہ ردعمل نہیں آرہا جوآنا چاہیے ۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ایسی کوئی اطلاع نہیں کہ وزیر اعظم 27 دسمبر کو کراچی آ رہے ہیں۔ انہیں گورنر صاحب سے معلوم ہوا ہے ۔