میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاکستان کیلئے قابل فخر لمحہ، شین ژو 24 تیانگونگ خلائی سٹیشن سے کامیابی کیساتھ منسلک

پاکستان کیلئے قابل فخر لمحہ، شین ژو 24 تیانگونگ خلائی سٹیشن سے کامیابی کیساتھ منسلک

جرات ڈیسک
بدھ, ۲۵ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

چین کا شینڑو 24 خلائی جہاز تقریباً ساڑھے 3 گھنٹے کے سفر کے بعد کامیابی سے تیانگونگ خلائی سٹیشن سے منسلک ،پاکستانی ذیشان علی شامل

ملکی سائنسی سفر میں اہم سنگ میل اور باعث فخر لمحہ، مشن سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے،صدر

مشن پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی میں تاریخی سنگ میل ، پاکستان خلا باز کا تیانگونگ خلائی سٹیشن پہنچنا قابل فخر لمحہ ہے،اسحاق ڈار

 پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں نیا سنہری باب رقم ، چین اور پاکستان کا مشترکہ خلائی مشن شین ڑو 24 خلا میں پہنچ گیا۔چین کا شینڑو 24 خلائی جہاز تقریبا ساڑھے 3 گھنٹے کے سفر کے بعد کامیابی سے تیانگونگ خلائی سٹیشن سے منسلک ہوگیا ہے،مشن میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ساتھ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی بھی شامل ہیں۔

قبل ازیں خلائی مشن شینزو 24 چین کے 2 اور ایک پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو لیکر روانہ ہوا تھا، یہ پاک چین دوستی کی تاریخ کا ایک سنہرا اور تاریخی دن ہے، پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان نے تاریخ رقم کر دی۔پاکستانی وقت کے مطابق 5 بجکر18 منٹ پر خلائی مشن روانہ ہوا، چینی خلا باز تانگ ہونگبو، وویی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی خلائی مشن انجام دیں گے، خلائی مشن ایک ہفتہ خلا میں قیام کے بعد زمین پر واپس آئیگا۔

خلائی مشن شین ژو24 پر روانگی سے قبل خلا بازوں کی الوداعی تقریب ہوئی، وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب میں شرکت کی، تقریب میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے، پاکستانی اور چائنیز خلا بازوں نے شرکا کو ہاتھ ہلا کر الوداع کہا، تینوں خلا باز گاڑیوں میں بیٹھ کر خصوصی پروٹوکول میں خلائی مرکز پہنچے۔خلائی مشن شین زو 24 کی خلا میں روانگی کے حوالے سے سپارکو ہیڈکوارٹر اسلام آباد اور کراچی میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، سپارکو کراچی میں بڑی سکرین کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں سپارکو افسران اور سٹاف کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پہلے خلائی مشن میں پاکستان کی تاریخی شرکت پر قوم کو مبارکباد دی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ ملک کے سائنسی سفر میں اہم سنگ میل اور باعث فخر لمحہ ہے، مشن سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے، خلائی تحقیق زمین پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سپارکو اور سائنسدانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خلا باز کا خلائی مشن ملک کی تاریخ میں اہم سنگ میل ہوگا، مسلح افواج اور قومی اداروں کی کوششیں پاکستان کی بڑھتی ہوئی سائنسی صلاحیتوں کی عکاس ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ کی بلندیوں سے آگے خلا تک پہنچ رہی ہے، صدر شی جن پنگ کی قیادت اور پاک چین دوستی کے فروغ پر شکر گزار ہیں۔درین اثناء نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شین ڑو 24 مشن کی کامیابی پر پاکستان اور چین کے عوام کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ مشن پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی میں ایک تاریخی سنگ میل ہے، پاکستان خلا باز کا تیانگونگ خلائی سٹیشن پہنچنا قابل فخر لمحہ ہے،۔ان کا کہنا تھا کہ شینزو 24 مشن دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اور خلائی تحقیق کے پر امن عزم کا مظہر ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں