تحریک لبیک جلسہ نہ کرسکی،لیاقت باغ راولپنڈی سیل، رینجرز تعینات رہی
شیئر کریں
انتظامیہ نے گزشتہ روز تحریک لبیک کا احتجاج ناکام بنانے کے لیے لیاقت باغ راولپنڈی کو سیل کرکے رینجرز تعینات کیے رکھی ۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں آسیہ کی رہائی کے خلاف تحریک لبیک کا احتجاجی جلسہ روکنے کیلئے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے اور پولیس و رینجرز کی بھاری نفری گزشتہ روزتعینات رہی۔ راولپنڈی میں لیاقت باغ کو بھی سیل کرکے رینجرز تعینات کو تعینات کیا گیا جو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح مستعد رہی۔تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں اور حامیوں نے ٹولیوں کی شکل میں لیاقت باغ پہنچنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان نے لیاقت باغ میں گزشتہ روز فیض آباد دھرنے کے دوران جاں بحق کارکنوں کی برسی اور ناموس رسالت ﷺ جلسے کا اعلان کیا تھا ۔ حکومت نے جمعے کی شب سے تحریک لبیک کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پارٹی کے سربراہ خادم حسین رضوی، دیگر رہنما اشرف آصف جلالی، پیر افضل قادری اور سیکڑوں کارکنوں اور عہدے داروں کو گرفتار کرلیا تھا ۔پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 بھی نافذ کردی تھی جس پر عملدرآمد کرانے کے لیے پولیس متحرک رہی ۔ راولپنڈی ضلع کی اہم شاہراہوں پر پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کے جوان تعینات رہے جب کہ موٹر سائیکل سواروں اور مشکوک افراد کی سخت چیکنگ کی جاتی رہی ۔