کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے ،فردوس عاشق
شیئر کریں
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر اور بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کیلئے کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے ۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ کرتارپور سکھ برادری کے لئے مقدس مقام ہے ، سکھ برادری کے مذہبی جذبات کا ہمیں تہہ دل سے احترام ہے ، پاکستان دنیا بھر اور بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کیلئے کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ اپنی مذہبی رسومات پوری آزادی اور سہولت سے ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی دنیا میں ایک بہترین مثال ہے ، انتہا پسندی اور عدم برداشت کے بڑھتے رجحانات اور واقعات میں کرتار پور دنیا کو انسانیت اور اختلاف رائے کے احترام اور برداشت کا پیغام دے رہا ہے ، ہم یقین رکھتے ہیں کہ کرتارپور راہداری کا یہ منصوبہ مختلف عقائد اور تہذیبوں کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کا بھی باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ اتنا ہی عزیز ہے جتنا سبز رنگ، پاکستان اور دنیا بھر میں اقلیتوں کے حقوق کے لیے وزیراعظم پاکستان عمران خان پر عزم ہیں۔