میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاک فضائیہ بھارتی جارحیت سے نمٹنے کو تیار ‘ تمام فارورڈ ایئربیس آپریشنل کردیئے گئے

پاک فضائیہ بھارتی جارحیت سے نمٹنے کو تیار ‘ تمام فارورڈ ایئربیس آپریشنل کردیئے گئے

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۵ مئی ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسکردو/گلگت /کراچی(اسٹاف /ایجنسیاں) پاک فضائیہ نے بھارتی ایئرچیف کی دھمکیوں کے بعد کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے اپنے تمام فارورڈ ایئربیس آپریشنل کردیے ہیں۔ بدھ کو بھارتی ایئرچیف کی دھمکیوں کے پیش نظر پاک فضائیہ کے تمام فارورڈ آپریٹنگ بیسزمکمل آپریشنل کردیے گئے ہیں اور مختلف جنگی طیاروں کی سیاچن کے قریب پروازیں جاری رہیں۔ایئرچیف مارشل سہیل امان سیاچن محاذ کے قریب اسکردو میں فارورڈ آپریٹنگ بیس پر آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے پہنچے ایئر چیف نے ناصرف فضائی سرحدوں کی حفاظت پر مامور جوانوں کے جذبے کو سراہا بلکہ فارورڈ آپریشنل ایریا میں میراج طیارہ اڑا کر جنگی مشقوں میں حصہ بھی لیا۔یاد رہے کہ بھارتی ایئر چیف مارشل بی ایس دھانوا نے 30 مارچ کو ذاتی حیثیت میں 12 ہزار افسروں کو مختصر نوٹس پر آپریشنز کےلئے تیار رہنے کا خط لکھا تھا جس کے بعد پاک فضائیہ نے بھی مشرقی سرحدوں پر بڑھتے ہوئے خطرات کو بھانپتے ہوئے بھر پور تیاریاں شروع کردیں۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہاہے کہ دشمن نے جارحیت کی تو ہمارا جواب ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔پاک فضائیہ کے اسکردومیں فارورڈ ایئربیس کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے ایئر چیف سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ کےلئے کوئی بھی صورتحال مشکل نہیں، ضرب عضب کے مشنز ہوں یا رد الفساد، پاک فضائیہ کا بھرپورکردارہے ہم سارا سال ہرلمحے تیاررہتے ہیں یہ معمول کی آپریشنل سرگرمی ہے اورہمیں کسی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہم تیار ہیں۔ایئرچیف نے کہا کہ قوم کودشمن کے بیانات پررتی بھر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں قوم کو اعتماد ہونا چاہیے کہ پاک فضائیہ سرحدوں کی حفاظت کےلئے ہر دم تیار ہے۔ اگر کسی جانب سے بھی مہم جوئی کا سوچا گیا تو ہماری جانب سے پوری طاقت سے جواب ملے گا، اگر دشمن نے جارحیت کی تو ہمارا جواب ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ نے کہا ہے کہ سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے پاکستان نیوی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے ہر لمحہ ہر آن ہر گھڑی سطح آب اور زیر آب دشمن پر کاری ضرب لگانے کے لئے تیار ہیں ، لاہور میں نیوی وار کالج کے 46ویں سٹاف کورس کانووکیشن سے نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ نے دبنگ خطاب کیا۔ نیول چیف نے اس بات کی بھی وضاحت کر دی کہ خطے میں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط نیوی کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے تاہم کسی بھی مہم جوئی کے پیش نظر سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں