کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں بدترین لوڈشیڈنگ
شیئر کریں
ملک میں بجلی کا شارٹ فال 2 ہزار 9 سو میگاواٹ رہ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پاور ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ ایندھن کی سپلائی شروع ہوگئی ،بجلی گھروں کے تکنیکی مسائل بھی حل کرلیے گئے ہیں، جس کے باعث شارٹ فال میں کمی ہوئی ہے اور شارٹ فال کم ہوکر 3 ہزار 900 میگاواٹ رہ گیا ہے، تاہم ملک میں بجلی کا شارٹ فال مزید کم ہوکر 2 ہزار 9 سو میگاواٹ رہ گیا ہے۔ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی مجموعی طلب 20 ہزار 5 سو میگاواٹ اورپیداوار 17 ہزار 6 سو میگاواٹ ہے، پن بجلی ذرائع سے 1 ہزار 1 سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2 ہزار 5 سو میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 14 ہزارمیگاواٹ ہے۔دوسری جانب گرمی اور رمضان کے مقدس ماہ میں عوام کو بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے ،معاملات زندگی متاثر ہونے کے باعث عوام پریشان ہیں۔ پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 5 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ آئیسکو ریجن میں ڈیمانڈ 1326 میگا واٹ جبکہ سپلائی 1216 میگاواٹ ہے، آئیسکو ریجن میں 110 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے، اور وہاں 4 گھنٹے کی لوڈمینجمنٹ کی جا رہی ہے، آئیسکو کے کشمیر، جہلم اور اٹک ریجن میں 5/6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔ ادھر صوبائی دارالحکومت کراچی کورنگی، لانڈھی، سرجانی، ملیر، بلدیہ، اورنگی اور لیاقت آباد سمیت مختلف علاقے بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہوئے جہاں تین سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بیشتر علاقوں میں بجلی کی ترسیل بلا تعطل جاری ہے ،چند علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ عارضی طور پر بڑھایا گیا ہے۔