خیرپور میں پی پی انتخابی مہم بلدیاتی نمائندوں کے سپرد
شیئر کریں
( رپورٹ / مسرور کھوڑو ) خیرپور میں بلدیاتی نمائندوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات کی دھجیاں اڑادیں، تحصیل گمبٹ میں چیئرمین میونسپل کمیٹی عبداللطیف شیخ پابندی کے باوجود پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے میں سرگرم ہے ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے8 فروری کو ہونے والے انتخابات کیلئے میئر ، ڈپٹی میئر سمیت دیگر بلدیاتی نمائندوں پر انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی گئی ہے لیکن گمبٹ میں چیئرمین میونسپل کمیٹی عبداللطیف شیخ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے مہم میں بھرپور حصہ لے رہا ہے، چیئرمین میونسپل کمیٹی گمبٹ عبداللطیف شیخ شہریوں و دکانداروں کے پاس جا کر انہیں حلقہ این اے204 پر نامزد پیپلزپارٹی امیدوار سید جاوید علی شاہ ، پی ایس 30 پر نعیم احمد کھرل کو ووٹ دینے کی درخواست کر رہا ہے ، چیئرمین میونسپل کمیٹی گمبٹ کے انتخابی مہم میں حصہ لینے والی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام بلدیاتی نمائندوں کو کارنر میٹنگ ، جلسوں ، ریلیوں میں شرکت کرنے سے منع کررکھا ہے ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے کارروائی کا فیصلہ کیا تھا ۔