سندھ بلڈنگ، گلبرگ میں خلافِ قانون تعمیرات، حفاظتی اصول داؤ پر
شیئر کریں
بلاک 15کے پلاٹ نمبر آر 1212اور آر 1662پر منظور شدہ نقشوں کے برعکس تعمیرات
بلڈنگ انسپکٹر مقبول پر تعمیراتی ٹھیکیداروں کو رعایت دینے کے الزامات، مکینوں میں تشویش
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلع وسطی کے معروف رہائشی علاقے گلبرگ میں مبینہ طور پر منظور شدہ نقشوں کے برعکس تعمیرات جاری ہیں، جس کے باعث علاقے کے مکینوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات سے نہ صرف شہری سہولتیں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ عمارتوں کی مضبوطی اور حفاظتی اصولوں پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔مکینوں کے مطابق پلاٹ نمبر آر 1212 اور آر 1662 پر تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران متعلقہ قوانین اور منظور شدہ نقشوں کی پابندی نہیں کی جا رہی۔ ان کا الزام ہے کہ تعمیرات کے باعث گلیوں میں آمدورفت، نکاسی آب، پارکنگ اور دیگر بنیادی شہری سہولتیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بلڈنگ انسپکٹر مقبول تعمیراتی ٹھیکیداروں کو مبینہ طور پر رعایت دے رہے ہیں، جس کے باعث خلافِ قانون تعمیرات کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں ہو رہی۔ رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جاری تعمیرات کا ریکارڈ، منظور شدہ نقشے اور تعمیراتی اجازت ناموں کی فوری جانچ کی جائے ۔مکینوں نے ڈائریکٹر جنرل وسیم شمشاد سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔ متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے آنے پر اسے بھی شامل اشاعت کیا جائے گا۔


