محدود حج کے بعد عازمین کو رقوم کی واپسی
شیئر کریں
پاکستان نے کورونا وبا کے باعث محدود پیمانے پر حج سے متعلق سعودی عرب کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ حج کی محدود پیمانے پر ادائیگی کے سعودی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ فیصلہ شریعت کے حکم اورموجودہ حالات کے عین مطابق ہے۔نورالحق قادری نے کہا کہ سعودی وزیرحج نے اعلان سے پہلے اعتمادمیں لیا جس کے شکر گزار ہیں، حجاج کرام کو کورونا سے بچانے کیلئے ایک مشکل مگر دانشمندانہ اقدام ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا بھر میں جاری وبا کی روک تھام کیلئے سعودی فیصلے کی تائید کرتے ہیں، سعودی حکومت نے ہمیشہ حجاج کیلئے بہترین سہولیات کو یقینی بنایا، حجاج کرام کی بہبود کیلئے خادم حرمین شریفین کے اقدامات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ وزارتِ مذہبی امورنے پاکستانی حجاجِ کرام کو رقوم واپسی کافیصلہ کرلیا ہے، ضروری امور طے کر کے حجاج کوبذریعہ ایس ایم ایس اطلاع دی جائیگی، پاکستانی حجاج کو رقوم کی واپسی کیلئے طریقہ کار کا اعلان جلد کیاجائے گا۔