وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس تحریک عدم اعتمادناکام بنانے پرغور
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی تیاریوں کے پیش نظر عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں سیاسی کمیٹی کو اتحادیوں سے رابطے جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم ہاؤس میں حکومتی ٹیم نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد سے ملاقات کی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر، امین الحق، خواجہ اظہار الحسن اور جاوید حنیف شامل تھے۔حکومتی رہنماوں بشمول اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر پر مشتمل وفد نے ایم کیو ایم ارکان کو وزیراعظم کا پیغام پہنچایا۔ملاقات میں مثبت پیشرفت ہوئی اور دونوں اطراف سے ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا۔ادھروزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومت کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔بدھ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومت کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، فواد چوہدری پرویز خٹک اور حماد اظہر کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پارٹی کے چیف وہپ عامر ڈوگر بھی شریک تھے۔اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کو اتحادیوں اور ناراض ارکان سے روابط سے آگاہ کیا گیا جبکہ 27مارچ کے جلسہ کی تیاریوں پر مشاورت بھی کی گئی۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو تحریک عدم اعتماد سے متعلق اہم قانونی اور آئینی امور پر بریفنگ دی گئی۔