زرداری نے مافیا کے گاڈفادر کی طرح سندھ کو تباہ کردیاوفاقی وزیر بحری امورعلی زیدی
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اور وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے سابق صدر آصف علی زرداری کو سندھ اور پاکستان کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری نے کسی مافیا کے گاڈ فادر کی طرح نے اپنے منشی کو سندھ کا وزیر اعلی بنا رکھا ہے جس نے پورے سندھ کو تباہ کردیا ہے، سندھ میں کرمنلز کی گورنمنٹ ہے، ان لوگوں نے ناظم جوکھیو کے قاتلوں کو دبئی بھیج دیا،صدارتی نظام کوئی جادو کی چھڑی نہیں ،میں نے ایسی کوئی بات نہیں سنی یہ قیاس آرائیاں صرف میڈیا پر چل رہی ہیں۔وہ پی ٹی آئی رہنما طاہر شاہ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کررہے تھے ۔پریس کا نفرنس میں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کے ہمراہ حلیم عادل شیخ ،امیر بخش بھٹو ،مبین جتوئی و دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم گارنٹی دیتے ہیں کہ 2023 کے انتخابات میں سندھ سے زرداری مافیا کا خاتمہ کردیں گے کیونکہ اب ان کے ساتھ لوگ نہیں ہیں، یہ سندھ کی نمائندگی کا ڈرامہ کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان لوگوں نے سندھ میں 14 سال میں کچھ نہیں کیا، ان کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے ان کو 12 ہزار ارب روپے کے فنڈز ملے یہ بتائیں وہ کہاں خرچ کیے۔انہوںنے کہاکہ ان لوگوں نے سندھ پولیس کو اپنی پرائیویٹ آرمی بنا رکھا ہے، میں سندھ میں جس ضلع میں بھی گیا ہوں وہاں لوگوں نے پولیس کی شکایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات 18ویں ترمیم کی کرتے ہیں مگر بلدیات کا کالا قانون لائے ہیں، اگر یہ قانون واپس نہ لیا گیا تو 27 فروری کو گھوٹکی سے کراچی تک مارچ کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں علی زیدی نے کہا کہ صدارتی نظام کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے میں نے ایسی کوئی بات نہیں سنی یہ قیاس آرائیاں صرف میڈیا پر چل رہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ ایس ایس پی شکارپور نے اپنی رپورٹ میں بتادیا تھا کہ شکارپور میں کچے کے ڈاکوؤں کو کون کون سپورٹ کرتا ہے۔