محکمہ ماحولیات ،سیپا میں الٹی گنگا ،ٹیکنیکل عہدے پر نان کیڈر ڈی جی تعینات
شیئر کریں
محکمہ ماحولیات سندھ کے ماتحت ادارے سیپا میں الٹی گنگا بہنے لگی، تمام محکموں کے مقابلے میں صرف محکمہ ماحولیات میں ٹیکنیکل عہدے پر نان کیڈر ڈی جی تعینات ہیں اور نان کیڈر ڈی جی کے ماتحت ایڈیشنل ڈی جی تعینات ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ جراٗت کی خصوصی رپورٹ کے مطابق محکمہ ماحولیات سندھ کے ماتحت ادارے سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی (سیپا) میں گریڈ 20 کے عہدے پر نان کیڈر ڈائریکٹر جنرل نعیم مغل تعینات ہیں، نان کیڈر ڈی جی کی تعیناتی کے وجہ سے ادارے کی کارکردگی صفر ہوگئی ہے اور کمیشنڈ افسران نان کیڈر ڈی جی کے ماتحت کام کرنے میں مطمئن نہیں، حکومت سندھ کے کسی بھی محکمے میں گریڈ 20 کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر نان کیڈر افسر تعینات نہیں ، اس کے علاوہ حکومت سندھ کے دیگر محکموں میں ڈائریکٹر جنرل کے ٹیکنیکل عہدے کے لئے ایڈیشنل ڈائریکٹر کا عہدہ موجود نہیں ، سیپا میں نان کیڈر ڈی جی نعیم مغل کے ماتحت ایڈیشنل ڈی جی تعینات ہیں۔ محکمہ ماحولیات کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نان کیڈر ڈی جی سیپا نعیم مغل کے نان پروفیشنل رویے کے باعث ایڈیشنل ڈی جی وقار حسین پھلپوٹو اور دیگر افسران شدید نالاں ہیں اور محکمے کی بہتری کے لئے کام کرنے کرنے کے بجائے صرف وقت گذارنے میں مصروف ہیں، محکمہ ماحولیات اور سیپا میں افسران نان کیڈر ڈی جی سیپا نعیم مغل کے ماتحت کوئی بھی ذمے داری لینے سے کتراتے ہیں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر قائم کردہ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور جسٹس امیر ہانی مسلم کی واٹر کمیشن نے نان کیڈر ڈی جی نعیم مغل کو عہدے سے برطرف کرنے کا حکم دیا، حکومت سندھ نے اس وقت ڈی جی سیپا نعیم مغل کو فارغ کرکے بقاء اللہ انڑ کو نیا ڈی جی سیپا تعینات کیا لیکن بعد میں نان کیڈر افسر نعیم مغل اثر رسوخ استعمال کرکے چوتھی بار ڈی جی سیپا تعینات ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سمندری آلودگی کیس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نان کیڈر افسر ڈی جی سیپا نعیم مغل کو نااہل افسر قراردیا تھا۔