کمشنر سیسی کی من مانیاں،ملازمین کا آج سے تحریک چلانے کا اعلان
شیئر کریں
لانڈھی ڈائریکٹوریٹ گردوں کے اسپتال منتقل، ملازمین فیصلے کیخلاف میدان میں آ گئے،صفدر رضوی کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر
مریضوں کو مشکلات کا سامنا، دوا بھی نہیں دی جا رہی، ملازمین کا او پی ڈی بلاک کے سامنے احتجاج ، سخت نعرے بازی
کمشنر سیسی صفدر رضوی نے لانڈھی ڈائریکٹوریٹ کو گردوں کے اسپتال میں منتقل کر دیا، مریضوں کو مشکلات کا سامنا، ملازمین بھی کمشنر سیسی کے فیصلے خلاف میدان میں آ گئے۔ او پی ڈی بلاک کے سامنے احتجاج ، سخت نعرے بازی ۔آج سے تحریک چلانے کا اعلان ۔جرأت کی رپورٹ کے مطابق لیبر ڈپارٹمنٹ کے ماتحت ادارے سندھ ایمپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوشن (سیسی) کے کمشنر صفدر رضوی کے سپرنٹنڈنٹ انجنیٔر انجنیٔر محمد وسیم نے لانڈھی ڈائریکٹر کو ایک خط لکھا گیا ہے۔ خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایس ایس ڈائریکٹوریٹ آفس کو لانڈھی جیل کے پیچھے واقع کڈنی سینٹر کے اندر منتقل کیا جائے، اور اس کے لیے سینٹر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے رابطہ کیا جائے۔سیسی ذرائع کا کہنا ہے کہ لانڈھی ڈائریکٹوریٹ آفس میں روزانہ سینکڑوں مزدور، شہری اور ملازمین اپنے کام کے لیے آتے ہیں جس کے باعث کڈنی سینٹر میں آنے والے مریضوں کو مشکلات پیش آنے کا خدشہ ہے، اس کے باوجود عوامی دفتر کو کڈنی سینٹر میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آفس میں عام طور پر مزدوروں، شہریوں اور ملازمین کی آمد و رفت رہتی ہے، اور اسپتال میں عوامی دفتر قائم کرنے سے مختلف وائرسز اور بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے، جبکہ سینٹر میں پہلے ہی مریضوں کا ہجوم ہوتا ہے۔ اس کے باوجود ڈائریکٹوریٹ آفس کی منتقلی سمجھ سے بالاتر ہے۔ عوامی دفتر کو کڈنی سینٹر میں منتقل کرنا کمشنر سیسی صفدر رضوی کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ دوسری جانب ملازمین نے او پی ڈی بلاک کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے سخت نعرے بازی کی، رہنماؤں عبدالستار نیازی، محمد واحد خان اور دیگر نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آفس کو بغیر اجازت اور غیر قانونی طریقے سے کڈنی سینٹر منتقل کرنا کارکنوں اور مزدوروں کے حقوق کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔ شام کی تاریکی میں دفتر کو منتقل کیا گیا، جسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا، ٹرانسپورٹ سمیت کوئی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی، دوا بھی نہیں دی جا رہی، سہولیات دینے کے بجائے مسائل اور تکالیف میں دھکیلا جا رہا ہے۔ جب تک ڈائریکٹوریٹ آفس کو اسی مقام پر واپس نہیں لایا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔ مزید حکمت عملی بنا کر پیر سے احتجاجی کیمپ لگا کر تحریک چلائی جائے گی۔


