میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی تین روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی تین روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور

جرات ڈیسک
پیر, ۲۲ اگست ۲۰۲۲

شیئر کریں

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمہ میں تین روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے عمران خان کو جمعرات تک متعلقہ انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عمران خان کی درخواست ضمانت رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔ جب عمران خا ن کی جانب سے دائر درخواست سماعت کا آغاز ہوا تو عدالت کا کہنا تھا کہ رجسٹرارآفس کی جانب سے درخواست پر اعتراضات عائد کیے گئے ہیں ، درخواست گزار نے بائیو میٹرک تصدیق نہیں کی۔ اس پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا ان کے گھر پولیس کا گھیراؤ ہے ایسے میں وہ یہاں کیسے آسکتے ہیں۔ جسٹس محسن اخترکیانی کا کہنا تھا کہ اعتراض ہے کہ بائیومیٹرک نہیں کروایا گیا، کیا آپ بائیومیٹرک تصدیق کروانے کے لیے حفاظتی ضمانت مانگ رہے ہیں۔اس پر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کی متعلقہ عدالت کے جج چھٹی پر ہیں اس لیے حفاظتی ضمانت دی جائے اور اس لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔ عدالت نے آفس اعتراض کو دور کرتے ہوئے تین روز کے لیے عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور انہیں جمعرات تک متعلقہ انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ مجسٹریٹ صدر اسلام آباد علی جاوید کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں