کچے کے ڈاکو فوری سرینڈر کردیں یا سخت نتائج کیلئے تیار رہیں،ضیاء الحسن لنجار
شیئر کریں
سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کچے کے ڈاکوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر سرینڈر کردیں یا پھر سخت نتائج کا سامنے کرنے کے لئے تیار رہیں۔حکومت سندھ امن و امان کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، خطرناک ڈاکوؤں کے سروں کی قیمت مقرربڑھانے کے بارے میں غور کیا جارہا ہے ۔انہوں نے یہ بات منگل کو سندھ اسمبلی میں محکمہ داخلہ سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہی ۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی کوششوں کے باعث امن و امان کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے ،سندھ پولیس میں26ہزار پولیس کانسٹیبلز کی اسامیاں خالی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ پولیس کو نفری کی کمی کا سامنا ہے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ کچھ علاقوں کی پولیس نفری دوسرے اضلاع میں بھیجی گئی ہے کیونکہ ان کی وہاں زیادہ ضرورت تھی۔ایم کیو ایم کے عبدالباسط نے کہا کہ کچے کے ڈاکو اتنی ترقی کرچکے ہیں کہ اب ان کے پاس اینٹی ایئر کرافٹ گنیں بھی آگئی ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ گھوٹکی کشمور شکارپور کے کچے کے علاقوں میں پولیس نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ، ڈاکوؤں کے مسئلے پر سندھ حکومت بڑی سنجیدگی سے کام کررہی ہے اور ان کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے تسلیم کیا کہ کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے ۔