میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان نے25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کر دیا

عمران خان نے25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کر دیا

جرات ڈیسک
اتوار, ۲۲ مئی ۲۰۲۲

شیئر کریں

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کر دیا ہے ۔اتوار کو پشاور میں پارٹی کے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے، میں پوری قوم، اساتذہ، نوجوان، مزدور،کسان، طلبا، وکلا سب کو دعوت دیتا ہوں کہ ظلم اور غلامی کے خلاف آگے آئیں اور مارچ میں شامل ہوں، اس سے زیادہ خود داری کا جنازہ کیا نکلے گا کہ باہر سے حکومت گرادی جائے۔ حکومت گرانے کی سازش پچھلے سال شروع ہوئی۔ ہم کوشش کرتے رہے کہ کسی طرح یہ سازش کامیاب نہ ہو، لیکن بدقسمتی یہ تھی کہ ہم اسے نہ روک سکے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں بہت کم جی ڈی پی میں چھ فیصد اضافہ ہوا۔ صنعت آگے بڑھ رہی تھی۔ کسانوں کو سہولت دی۔ ریکارڈ فصلیں ہوئیں۔ سارے برصغیر میں پاکستان میں سب سے کم بیروزگاری تھی۔ٹیکنالوجی کی ایکسپورٹ 75 فیصد بڑھ رہی تھی۔ کرپشن کا کوئی کیس نہیں تھا۔ عمران خان کوئی جائیداد نہیں بنا رہا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بینک کرپٹ ملک ملا۔ ہم ڈیفالٹ کے قریب تھے۔ ابھی اس کو مشکل میں سے نکال رہے تھے تو کرونا آگیا۔ باقی ملکوں کے مقابلے میں ہم نے اسے بہت اچھے طریقے سے سنبھالا۔ دنیا نے ہماری تعریف کی۔ اس وقت حکومت کو سازش کے تحت گرایا گیا، بتایا گیا کہ یہ تجربہ کار ٹیم ہے۔ ان تجربہ نظر آ گیا ہے اکانومی میں۔ جس طرح روپیہ گرا ہے اس کا سارا اثر پٹرول، بجلی پر پڑے گا۔ مہنگائی پر اثر پڑے گا۔عمران خان نے کہا ہم نے ریکارڈ ٹیکس کلیکشن کی۔ آج انکے پاس نہ کوئی پلان ہے۔ فیصلے کر نہیں سکتے۔ یہ کہہ رہے ہیں کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی فیصلہ کرے۔ باہر بیٹھا مفرور ہدایت دے رہا ہے۔ آدھی کابینہ ضمانت پر ہے۔ہمارے ملک کی توہین کی گئی یہاں بیٹھے میر جعفر اور میر صادق کی سازش سے۔ دوسری توہین یہ کی باہر بیٹھ کر ایک انڈر سیکرٹری نے کہا کہ اسے ہٹاو ورنہ ہم یہ کر دیں۔ اگر ہٹا دیا گیا تو معاف کر دیں گے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ روس کیوں گیا۔ جنہوں نے سازش کی ان کا کہنا تھا کہ خود ہی چلا گیا روس۔ اکیلے نے فیصلہ کیا۔ یہاں پر بھی سازش کی گئی کہ اسے برے طریقے سے پیش کیا جائے۔ تحریک انصاف کے رہنما کے مطابق انڈیا نے کل اعلان کیا کہ وہ تیل کی قیمتیں کم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بھی روس سے تیل خریدا۔ ہم نے تیس فیصد کم قیمت پر تیل خریدنا تھا۔ انہوں نے اپنی عوام کے لیے فیصلہ کیا۔ اس حکومت کی جرات نہیں ہے کہ روس سے گندم اور تیل خریدیں۔ یہ ہماری توہین ہے۔ بائیس کروڑ پاکستانیوں کی توہین ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں